جیکب آباد(این این آئی)پاک فوج نے سیلابی ریلے میں پھنسے 500 سے زائد متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔ پاک آرمی ایمرجنسی ریسکیو اینڈ ریلیف ٹیم کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آپریشن کا عمل تاحال جاری ہے۔پاک آرمی ریسکیو ٹیم نے نواعی علاقے ناوڑہ اور شاہ پور میں واٹر بوٹ کے
ذریعے ایمرجنسی ریسکیو آپریشن کیا اور سیلابی پانی کے ریلے کی زد میں پھنسے 500 سے زائد متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔اس کے علاوہ پاک آرمی ریسکیو ٹیم نے سیلاب متاثرین کو ٹینٹ راشن بیگ اور دیگر ضرورت زندگی کی اشیا بھی فرائم کیں۔سیلاب متاثرین کی جانب سے بہتر خدمات کرنے پر پاک آرمی کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ریسکیو ٹیم انچارج میجر علی اور پاک آرمی کا شکریہ ادا بھی کیا گیا۔سیلاب متاثرین نے محفوظ مقامات کی منتقلی کی خوشی میں پاکستان زندہ باد پاک آرمی پائندہ باد کے فلگ شگاف نعرے بھی لگائے۔سیلابی صورتحال کے بعد نواعی علاقے ناوڑہ اور شاہ پور کے علاقوں کا جیکب آباد سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔سیلابی پانی کا ریلہ علاقے میں داخل ہونے کے بعد متاثرین گھروں کی چھتوں پر کھلے آسمان بے یارومددگار مدد کے منتظر تھے۔پاک آرمی ریسکیو ٹیم نے تمام متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے انسانی زندگیاں بچائیں جبکہ سیلاب متاثرین میں معصوم بچوں اور خواتین سمیت ضعیف العمر افراد کی تعداد زیادہ تھی۔اس موقع پر ریسکیو ٹیم انچارج میجر علی نے کہا کہ سیلابی ریلے کے پانی کی اونچائی آٹھ سے دس فٹ ہے جو انتہائی خطرناک ہے، سیلابی پانی سے متاثر ہونے والے علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر ایمرجینسی ریسکیو آپریشن کیا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے ٹینٹ اور راشن سمیت دیگر ضرورت کی اشیا فرائم کی گئی ہیں، سیلاب سے متاثر ہونے والے تمام علاقوں میں ریسکیو آپریشن کا عمل جاری رہے گا۔