ریاض (این این آئی)سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیے مملکت میں قومی امدادی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق شاہ سلمان انسانی امداد مرکزکے سربراہ ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے ایک نیوز کانفرنس میں
خادمِ حرمین شریفین کی جانب سے پاکستانی عوام کی امداد کیلیے قومی مہم شروع کرنے کی ہدایات کا اعلان کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ان کا مرکز ایک قابل اعتماد قومی ریلیف پلیٹ فارم ہے۔وہ پاکستان میں قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کوامداد مہیا کرتا چلا آرہاہے۔اس موقع پرشاہی دیوان کے مشیرالشیخ عبداللہ المطلق نے کہا کہ مرکز امدادی سرگرمیوں میں دائیں بازو کی مانند ہے۔انھوں نے مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ اپنے بھائیوں کی مدد کیلیے آگے بڑھیں۔ان کے ساتھ ہم ایک عقیدے اور روادار اسلامی شریعت کے گہرے رشتے سے جڑے ہوئے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ زمانہ قدیم سے قریبی دوستیانہ تعلقات رہے ہیں۔انھوں نے اس بات پر زوردیا کہ خادمِ حرمین شریفین کی امدادی مہم اوراس میں بڑھ چڑھ کے حصہ لینے اور ایثاروقربانی سے کام لینے کی ہدایت امدادی سرگرمیوں کے لیے رقوم میں اضافے کا سبب بنے گی۔اس سے دونوں برادر عوام کے درمیان بھائی چارے کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔اس سے یقینا غم زدہ لوگوں کی داد رسی ہوگی اورانھیں فائدہ ہوگا۔شاہی دیوان کے ایک اور مشیرالشیخ سعد الشتری نے کہا کہ مصیبت میں گھرے ہوئے عوام کی امداد کے لیے یہ مقبول مہم جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں میں سے ایک ہے۔انھوں نے سعودی شہریوں سے اس مہم میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں بڑی تعداد میں لوگ شدید متاثر ہوئے ہیں اور انھیں شدید مالی نقصان پہنچا ہے۔