اسلام آباد (نیوزڈیسک)پاکستانی صحافی اور معروف اینکر پرسن مبشر لقمان نے دعویٰ کیا ہے کہ بالی ووڈ کے مشہور جوڑے سیف علی خان اور کرینہ کپور کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو چکے ہیں اور ان کی طلاق قریب ہے۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک ویڈیو کلپ میں مبشر لقمان کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ انہیں بھارت کے میڈیا سے اطلاع ملی ہے کہ سیف اور کرینہ کی ازدواجی زندگی میں دراڑ آ چکی ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ سیف علی خان کسی اور خاتون کے ساتھ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے، اور اسی بنیاد پر کرینہ کپور نے ان پر مبینہ طور پر حملہ بھی کیا۔
لقمان نے مزید کہا کہ سیف علی خان نے قطر کی شہریت اختیار کر لی ہے اور وہ وہاں منتقل ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم کرینہ کپور اس فیصلے کے حق میں نہیں ہیں، جس کے باعث دونوں کے درمیان شدید اختلافات جنم لے چکے ہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ کچھ عرصہ قبل ایک بھارتی نجومی سشیل کمار سنگھ نے بھی پیش گوئی کی تھی کہ سیف اور کرینہ کی راہیں جدا ہو سکتی ہیں۔ ان کے مطابق اگلے ڈیڑھ سال میں اس جوڑے کے درمیان علیحدگی کے امکانات موجود ہیں، اور یہ دونوں کی “کنڈلی” میں بھی درج ہے۔واضح رہے کہ سیف اور کرینہ نے 2012 میں شادی کی تھی اور اب ان کے دو بیٹے، تیمور اور جے علی خان، ہیں۔ یہ جوڑا طویل عرصے سے بالی ووڈ کی کامیاب اور خوشحال شادی شدہ جوڑی کے طور پر جانا جاتا رہا ہے، لیکن حالیہ افواہوں نے ان کے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔