وہاڑی(این این آئی)وہاڑی کی تحصیل میلسی کے علاقہ موضع شمن کی بستی ریاض آباد میں دس سے زائد خونخوار آوارہ کتوں نے سات سالہ بچے پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں معصوم بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا ،افسوس ناک واقعہ کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا ،
بچے کی نعش دیکھ کر والدین کی حالت غیر ہوگئی تاہم ضلعی انتظامیہ ٹس سے مس نہ ہوئی۔واقعات کے مطابق وہاڑی کی تحصیل میلسی میں خونخوار کتوں نے ہنستا بستا گھر اجاڑ دیا ،دس سے زائد آوارہ کتوں نے سات سالہ طیب پر دھاوا بول دیا ،کتوں کے حملہ سے بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا ،میلسی کی نواحی بستی ریاض آباد کا رہائشی طیب گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اچانک آوارہ کتوں نے بچے پر حملہ کردیا ،خونخوار کتے بچے کو گھسیٹ کر فصلوں میں لے گئے آوارہ کتے بچے کے جسم کا سارا گوشت کھا گئے بچے کی نعش دیکھ کر والدین کی حالت غیر ہوگئی ، اس افسوسناک واقعہ کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا ،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی ،ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ میلسی کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے آوارہ کتوں کی بھرمار کے باعث دلخراش واقعہ پیش آیا ۔بچے کی نعش والدین کے حوالے کردی گئی اور بچے کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا ،شہریوں نے انتظامیہ کی بے حسی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔