لاہور ،اسلام آباد(این این آئی) مائنس ون کے شور میں پی ڈی ایم نے پنجاب میں بھی جلد تبدیلی کا دعوی کردیا، پی ڈی ایم نمبرز گیم کو الٹ پلٹ کرنے میں مصروف ہو گئی۔نجی ٹی وی کے مطابق پی ڈی ایم پنجاب کا اقتدار چھن جانے کے بعد پھر حصول اقتدار کے لئے متحرک ہو گئی، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت کی طرف سے دعوے سامنے آنے لگے ہیں۔
پیپلزپارٹی نے دعوی کیا ہے کہ تبدیلی کا فیصلہ ہوچکا مسلم لیگ (ن) بھی جلد حتمی پلان سامنے لانے کی دعوے دار ہے۔دوسری جانب تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) ایک بارپھر رعزم ہے کہ وہ نمبرز گیم میں محفوظ ہیں۔سینئر وزیر میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے دعووں سے کوئی پریشانی نہیں۔مشیراطلاعات وزیر اعلی پنجاب عمر سرفراز نے کہا ہے کہ اب کوئی عمران خان کو نہیں چھوڑے گا، چھانگا مانگا کی سیاست کرنے والے پھر منڈی لگانا چاہتے ہیں، جن کو ضمیر بیچنے تھے وہ بیچ چکے اب کوئی عمران خان کو نہیں چھوڑ کر جائیگا۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما افتخار درانی نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت گرانے کیلئے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔نجی میڈیا سے گفتگو میں افتخار درانی نے کہاکہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت کو گرانے کی سازش کی جا رہی ہے، ہمارے لوگوں کو فون آ رہے ہیں اور انہیں کہا جا رہا ہے کہ پارٹی چھوڑ دیں۔انہوںنے کہاکہ اپوزیشن کی پنجاب حکومت کو گرانے کی کوششوں سے متعلق عمران خان کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے اور جو لوگ پارٹی چھوڑیں گے نااہلی ان کا انتظار کر رہی ہے، اگر انہیں اپنی سیاست پیاری نہیں ہے تو بے شک پارٹی چھوڑ دیں۔افتخار درانی نے کہاکہ اپوزیشن نے پنجاب حکومت کو گرانے کے لیے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے لیکن اس پر عمل درآمد کے لیے کوششیں جاری ہیں، ہم سیاسی میدان میں انہیں دوبارہ شکست دیں اور واپس حکومت قائم کریں گے۔