لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)پنجاب میں کام نہیں کر سکتا ،چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کا وفاق سے دوبارہ رابطہ کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے وفاقی حکومت سے دوبارہ رابطہ کر لیا ہے ۔ چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی نے
الیکشن ملتوی ہونے پروفاق کو پھر خط لکھ دیا۔ نجی ٹی وی دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے وفاق سے کہا ہے کہ 6 اگست کے خط پر غور کیا جائے اور میری خدمات وفاقی حکومت واپس لے،پنجاب میں مزید کام جاری نہیں رکھنا چاہتا۔جبکہ اس حوالے سے وفاق نے بھی نئے چیف سیکرٹری پنجاب کے ناموں پر غور و فکر شروع کر دی ہے ۔ دوسری جانب چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوںکیخلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایت صوبہ میںڈینگی پر قابو پانے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری، مختلف محکموں کے سیکرٹریز اورمحکمہ صحت کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کوئی رعائیت نہ برتی جائے اورہائی رسک اضلاع بالخصوص راولپنڈی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی تیز کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے لاروا کی تلفی نہایت ضروری ہے اور اس سلسلے میںان ڈور اور آئوٹ ڈور سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں کا تسلسل ضروری ہے، افسران اسی محنت اورجذبے سے کام جاری رکھیں۔ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک ہفتے کے دوران مختلف شہروں میں 107افراد کو گرفتاراور712 مقدمات درج کئے گئے۔ لاہور میں 65، راولپنڈی11،گوجرانوالہ 16،بھکر 8،شیخوپورہ 4، چکوال 2 اور اٹک میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ میں رواں سال اب تک2278کنفرم ڈینگی کیسز اورچاراموات رپورٹ ہوئی ہیں۔