دبئی (این این آئی)پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے آل رانڈر شعیب ملک کی طنزیہ ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ آپ کی یاری دوستی ہر کسی کے ساتھ ہونی چاہیے یا دشمنی ہونی چاہیے؟۔میڈیا سے بات چیت میں جب ثقلین مشتاق سے شعیب ملک کی ٹوئٹ سے متعلق سوال کیا گیا تو
انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اس پر میں کیا ردعمل دوں، آپ کی یاری دوستی ہر کسی کے ساتھ ہونی چاہیے یا دشمنی ہونی چاہیے؟انہوں نے کہا کہ میرا یہ ماننا ہے کہ ہم زمین پر رہتے ہیں تو کرکٹ یا کسی اور ڈپارٹمنٹ میں یاری دوستی تو ہر کسی سے ہونی چاہیے، خالی دو یا چار پانچ قریبی لوگوں سے نہیں ہونی چاہیے ۔ثقلین مشتاق نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم یہ کس قسم کی ٹوئٹ ہے اور میں اس کا کیا جواب دوں؟۔دوسری جانب سری لنکا سے ایشیا کپ کا فائنل ہارنے کے بعد دبئی کرکٹ اسٹیڈیم کے باہر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ اور بھارتی صحافی میں گرما گرمی ہو ئی۔رمیز راجہ بھارتی صحافی کے سوال پر غصے میں آگئے اور کہا کہ آپ لوگ پاکستان کی شکست پر تو بہت خوش ہوں گے۔واضح رہے کہ ایشیا کپ 2022 کے فائنل میں سری لنکا پاکستان کو شکست دے کر چھٹی مرتبہ ایشین چیمپئن بن گیا۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شکست کی ذمہ داری قبول کرلی۔شاداب خان نے فائنل میچ میں سری لنکا کے اہم کھلاڑی کے کیچ ڈراپ کرنے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ کیچز ون میچز، میں اس شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔ میں نے اپنی ٹیم کو مایوس کیا۔سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں شاداب خان نے کہا کہ پوری ٹیم نے اپنی جانب سے پوری کوشش کی تھی۔ نسیم شاہ، محمد نواز اور حارث روف کی کارکردگی ہمارا مثبت پہلو رہی، محمد رضوان نے اچھی فائٹ کی کوشش کی۔قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے سری لنکا کو جیت پر مبارکباد بھی دی۔واضح رہے کہ فائنل میں شاداب خان نے سری لنکن کھلاڑی راجاپکسا کے 2 کیچ چھوڑ دیئے تھے۔ سری لنکن کھلاڑی میچ میں 71 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے تھے۔