اسلام آباد(آن لائن ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اسمبلی کے چار حلقوں میں ضمنی انتخابات9اکتوبر کو کرانے کی منظوری دیدی ہے جبکہ قومی اسمبلی کے حلقوں سے متعلق فیصلہ کل بروز(بدھ ) ہوگا۔ سوموار کے روز الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن سمیت
سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن نے13 قومی وصوبائی اسمبلی کے حلقہ جات کے ضمنی انتخابات سیلاب کی تباہ کاریوں ، آمد ورفت کی مخدوش صورتحال ، قومی ایمرجنسی اور قومی اداروں جن میں پولیس، پاک فوج ، رینجر زاور ایف سی ، انتظامی و دیگر افسران کی سیلات متاثرین کی مدد، آباد کاری اور امن اومان کو یقینی بنانے کے لئے ڈیوٹی اور ضمنی انتخابات میں ان کی خدمات کی عدم دستیابی کی وجہ سے پولنگ کی تاریخ ملتوی کی تھی الیکشن کمیشن نے اجلاس میں غور وغوض کے بعد چارو ں صوبائی حلقوں پی پی 157ملتان IV ،پی پی 139شیخوپورہ V ،پی پی 241بہاولنگر V اورپی پی 209 خانیوال میں پولنگ کی تاریخ 9اکتوبر 2022 مقرر کرنے کی منظوری دی اور توقع ظاہر کی کہ اس وقت تک تمام قومی ادارے بشمول پولیس، پاک آرمی ،رینجرز اور ایف سی الیکشن کمیشن کی معاونت کے لئے موجود ہونگے اسکے علاوہ قومی اسمبلی کے 9 حلقہ جات جن میں پولنگ ملتوی کی گئی تھی میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کانوٹیفکیشن مورخہ 29جولائی 2022 جس میں ممبران قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کیا گیا تھا معطل کر دیا ہے اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضروری وضاحت لیں تاکہ ان 9 حلقوں کے انتخابات کی تاریخوں سے متعلق الیکشن کمیشن غور کرسکے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کادوبارہ اجلاس کل بروزہ بدھ ہوگا۔کمیشن کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے اور صوبہ بلوچستان کے اضلاع دْکی ، لورالائی ،موسی خیل اور مستونگ کے چند پولنگ اسٹیشنوں کے انتخابات کے انعقاد جو مذکورہ بالا وجوہات کی بناپر ملتوی کئے گئے تھے اس سلسلے میں صوبائی حکومت سندھ اور بلوچستان سے ایک ہفتہ کے اندر رپورٹ طلب کی ہے تاکہ ان انتخابات کا انعقاد بھی جتنا جلد ہو ممکن بنایا جاسکے۔ اس سلسلہ میں صوبائی الیکشن کمشنرز سے بھی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔۔۔۔اعجاز خان