پشاور (مانیٹرنگ،این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے دو اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی نے پارٹی سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا اور صوبائی وزیرخزانہ نے تصدیق کردی۔خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے تصدیق کی کہ اراکین صوبائی محمد فہیم اور سلطان خان پی ٹی آئی چھوڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر سیاست دان
اپنے مستقبل اور پسند کے مطابق کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہوسکتا ہے۔تیمور جھگڑا نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ رکن صوبائی اسمبلی محمد فہیم کافی عرصہ پہلے پارٹی چھوڑ چکے ہیں اور ان کا موجودہ بیان سمجھ سے بالاتر ہے۔پی ٹی آئی کے چارسدہ سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی اور سابق وزیرقانون سلطان محمد خان نے پارٹی سے علیحدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اے این میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے اور آج اس کا اعلان کروں گا۔سلطان محمد خان نے کہا کہ خاندان اور اپنے حامیوں سے طویل مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کر لیا ہے اور باقاعدہ طور پر اے این پی میں شامل ہوجاؤں گا۔پی ٹی آئی سے علیحدگی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تفصیلات پریس کانفرنس میں بتادوں گا۔ان کا کہنا تھا میں سرپرائز دوں گا اور بہت سی باتیں اور وجوہات بھی بتاؤں گا۔ واضح رہے کہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سلطان محمد خان نے باقاعدہ اے این پی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے، چارسدہ میں اے این پی میں شمولیت کی باقاعدہ تقریب ہوئی جس میں ایمل ولی خان نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو لال ٹوپی پہنا کر خوش آمدید کہا۔