کراچی(این این آئی)سندھ ہائیکورٹ نے کورنگی کی 14 سالہ لڑکی کو شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی ہے۔عدالت نے فیصلے میں مدعی مقدمہ کو کم عمری کی شادی کے معاملے پر متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔
جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کورنگی سے 14 سالہ لڑکی کے اغوا، زنا، انسانی اسمگلنگ کے مقدمے کے خلاف درخواست پر فیصلہ سنادیا۔دوران سماعت 14 سالہ لڑکی شوہر کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئی، جہاں اس نے بیان دیا کہ مرضی سے شادی کی، کسی نے اغوا نہیں کیا۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ لڑکی کا بیان لے لیا، مقدمہ سی کلاس کر رہے ہیں۔ مقدمہ سی کلاس کرنے کے لیے 2 روز کی مہلت دے دی جائے۔ عدالت نے 14 سالہ لڑکی کو شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی۔عدالت نے تھانہ پریڈی کو لڑکی اور لڑکے کو بہ حفاظت گھر پہنچانے اور کم عمری میں شادی کے معاملے پر مدعی مقدمہ کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔ 14 سالہ لڑکی کے اغوا کے خلاف والد نے تھانہ کورنگی میں مقدمہ درج کرایا تھا۔