اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے ایک بار پھر عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جج صاحبان کا ہر موضوع پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں۔تفصیلات کے مطابق عمران خان کی تقریر براہ راست نشر کرنے پر پیمرا کے نوٹس کے خلاف
سماعت کے دوران چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل سے استفسار کیا تھا کہ کیا آپ نے گزشتہ روز کی تقریر سنی ہے؟جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ افواج پاکستان سے متعلق ایسا بیان دے کر کیا آپ ان کا مورال ڈان کرنا چاہتے ہیں؟ کسی کو کہتے ہیں محب وطن اور کسی کو کہتے ہیں محب وطن نہیں ہے، پھرآپ کہتے ہیں انہیں کھلی چھٹی دے دیں، کیا سیاسی لیڈرشپ اس طرح کی ہوتی ہے؟۔معاملے پر پریس کانفرنس کے دوران وضاحت کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے میرٹ پر تقرری کی بات کی تھی، ویسے بھی یہ سیاسی معاملہ ہے، عدالتی نہیں، جج صاحبان کا ہر موضوع پر کمنٹس دینا نامناسب ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے نواز شریف اور آصف زرداری کو ڈان اور میمو گیٹ کے تناظر میں سکیورٹی رسک کہا، ان کی جائیدادیں، بچے اور تمام تر مفادات ملک سے باہر ہیں لہذا اس بیان کو فوج یا فوج کی قیادت سے جوڑنا درست نہیں، ہر جرنیل اور پاکستانی شہری محب وطن ہے۔