اسلام آباد (آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹرز کا حساس ڈیٹا مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ شیئر کرنے پر چیئرمین نادرا طارق ملک کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نادرا نے الیکشن کمیشن کی طرف سے فراہم کردہ ڈیٹا بیس ووٹر لسٹیں
اور حلقہ بندیوں کا ڈیٹا تحریک انصاف کی سابق حکومت سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ شیئر کیا تھا جس کے وہ مجاز نہیں تھے اسی وجہ سے ان سے وضاحت مانگی گئی ہے چیئرمین نادرا نے مختلف سیاسی جماعتوں کو ووٹر لسٹوں اور حساس ڈیٹا بارے الیکشن کمیشن کی اجازت کے بغیر بریفنگ بھی دی جس پر الیکشن کمیشن نے اظہار برہمی کیا اور کہا یہ الیکشن کمیشن کے قواعد کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ ووٹر لسٹوں ، حلقہ بندیوں بارے ڈیٹا سے متعلق بریفنگ الیکشن کمیشن کا کام ہے نادرا کا نہیں ۔ نادرا صرف ایک کنٹریکٹر ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا کہ چیئرمین نادرا نے حساس ڈیٹا تحریک انصاف کے ساتھ بھی شیئر کیا تھا، دوسری طرف یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کے ایک حساس ادارے کے مختلف اعلٰی افسران کا پرائیویٹ ڈیٹا بھی لیک کیا گیا جس میں ان اعلٰی افسران کی فیملی سے متعلق بھی معلومات شامل تھیں، اس کی بھی اعلٰی تحقیقات اداروں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور چیئرمین نادرا نے خود کو بچانے کے لئے اس معاملے کا سارا ملبہ ڈی جی ڈیٹا ویئر ہاؤس مظفر پر ڈال دیا اور ان سے استعفیٰ لے کر فارغ کر دیا تاہم حساس ادارے اس کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں۔