اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہونے کے بعد بحال ہوگیا جس کی تصدیق انہوں نے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے ہی کی۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا ٹوئٹر اکاؤنٹ گزشتہ رات ہیک ہوا جس کی آج صبح خود ان کی جانب سے تصدیق کی گئی لیکن اچھنبے کی بات یہ ہے کہ کچھ دیر بعد فواد چوہدری نے تصدیقی ٹوئٹ بھی ڈیلیٹ کر دی۔اس سے قبل فواد چوہدری کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ہیک کے دوران پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے انتقال کی خبر شیئر کی گئی تھی جس کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر اب بھی وائرل ہیں۔ہیکرز نے پی ٹی آئی رہنما کے اکاؤنٹ سے یہ بھی ٹوئٹ کیا کہ ‘میں جھوٹا ہوں، میرا اکاؤنٹ ہیک نہیں کیا گیا’۔اس کے علاوہ ہیکرز نے فواد چوہدری کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی تصویر بھی تبدیل کرکے فضل الرحمان کی لگا دی تھی اور کور فوٹو پر مریم نواز اور نواز شریف کی تصویر لگائی گئی تھی۔