گجرات، اسلام آباد (این این آئی)گجرات سروس موڑ کی ٹوٹی سڑک 5 سال میں نہ بن سکی تاہم چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے لیے صرف 8 گھنٹوں میں بنا دی گئی۔گزشتہ روز پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے شہر گجرات میں جلسہ کیا جس سے چیئرمین تحریک انصاف
عمران خان نے بھی خطاب کیا تھا۔جلسے میں شرکت کے لیے عمران خان کو گجرات سروس موڑ کی سڑک سے جلسہ گاہ پہنچنا تھا لیکن 5 سالوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑک مقامی انتظامیہ کیلئے درد سر تھی۔گجرات موڑ کی ٹوٹی سڑک جو 5 سالوں میں تیار نہ ہو سکی وہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے جلسہ گاہ پہنچنے کیلئے صرف 8 گھنٹوں میں تیار ہو گئی۔جلسے سے خطاب کے دوران پرویز الٰہی نے عمران خان کو گجرات سے الیکشن لڑنے کی پیشکش کی اور کہا کہ اس وقت کالا باغ ڈیم سوائے آپ کے اور کوئی نہیں بنا سکتا۔دوسری جانب وفاقی وزیر صحت اور راہنما پیپلزپارٹی قادر پٹیل نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی تقریر پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورا ملک بارش اور سیلاب سے یکجہتی کر رہا جبکہ جوکر میوزک سے لطف اندوز ہو رہا ہے ۔ اپنے بیان میں قادر پٹیل نے کہاکہ عمران نیازی جلسوں پر اربوں روپے خرچ کرنے کی بجائے دکھی انسانیت کی خدمت کرتے۔ انہوںنے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی اپیل پر پوری دنیا سیلاب متاثرین کی مدد کر رہی ہے، عمران خان انسان ہوتے تو انہیں انسانیت کی قدر ہوتی ۔ انہوںنے کہاکہ بارش اور سیلاب سے انسانیت تڑپ رہی ہے مگر عمران نیازی کو کوئی فکر ہی نہیں ہے ۔