لاہور( این این آئی)ایران سے پیاز اور ٹماٹر کے 40 ٹرک پاکستان پہنچ گئے۔ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے دوران ٹماٹر اور پیاز کی قیمتیں 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئی تھیں۔پاکستان میں جون سے اگست کے آخری ہفتے تک جاری مون سون بارشوں اور اس کے بعد سیلابی صورتحال کے نتیجے میں فصلیں تباہ ہوگئیں
جبکہ ذرائع مواصلات بھی بری طرح متاثر ہونے سے سبزیوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی ترسیل میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔پاکستان میں ٹماٹر اور پیاز کی قیمتیں 300 روپے فی کلو تک پہنچنے کے بعد حکومت نے پیاز اور ٹماٹر کی درآمد کی اجازت دیتے ہوئے اس پر ڈیوٹی 90 روز کیلئے ختم کردی تھی۔حکومتی اجازت کے بعد ایران سے پیاز اور ٹماٹر کے 40 ٹرک تفتان پہنچ گئے۔ ایران سے روزانہ کی بنیاد پر ٹماٹر اور پیاز کی درآمدات جاری رہے گی۔واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے جانب سے پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر ٹیکس 90 روز کیلئے ختم کردیا تھا۔ دوسری جانب کابینہ کی منظوری کے بعد ایف بی آر نے ٹماٹر، پیاز کی درآمد پر ٹیکس نہ لگانے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹماٹر اور پیاز کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ 31 دسمبر 2022 تک ہوگی۔پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر سیلز ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس کی چھوٹ دی گئی ہے۔ایف بی آر نے کہا کہ بیرونِ ملک سے موصول ہونے والے سامان پر بھی کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکس لاگو نہیں ہوگا۔ذرائع نے بتایا کہ تمام اشیاء این ڈی ایم اے کی تصدیق کے بعد ٹیکس اور ڈیوٹی سے مستثنیٰ ہوں گی۔واضح رہے کہ ملک میں حالیہ تباہ کن بارشوں اور سیلاب کے باعث صوبائی داراحکومت کی مختلف سبزی منڈیوں میں شدید قلت پیدا ہوگئی جس کی وجہ سے سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں۔