اگر شاہین آئی پی ایل کھیلتے تو 15،14کروڑ روپے میں فروخت ہوتے، بھارتی اسپنر ایشون
دبئی (این این آئی)بھارتی اسپنر روی ایشون نے کہا ہے کہ اگر پاکستانی فاسٹ بولر شاہین آفریدی،
انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل)کا حصہ ہوتے تو وہ تقریبا ً14 سے 15 کروڑ روپے میں فروخت ہوتے۔
بھارتی اسپنر روی ایشون نے اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اگر آئی پی ایل کھیلتے تو انہیں کافی اچھا کنٹریکٹ ملتا۔
انہوں نے کہاکہ شاہین آفریدی نئے گیند کے ساتھ اچھی بولنگ کرتے ہی ہیں اس کے ساتھ وہ اختتامی اوورز میں بھی اپنی ٹیم کے لیے کافی مددگار ثابت ہوتے ہیں،
اس لیے میرے خیال سے وہ آئی پی ایل میں تقریبا 14 سے 15 کروڑ روپے میں نیلام ہوتے۔
ایشون نے ایشیا کپ میں شامل پاکستانی فاسٹ بولرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فاسٹ بولرز ،
مسلسل 140 سے 145 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کررہے ہیں، مجھے نہیں لگتا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی بھی ٹیم میں اتنے تیز بولرز ہیں۔