راولپنڈی (این این آئی)وزیر داخلہ و جیل خانہ جات پنجاب کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سمیت کو بھی سیاسی جماعت پنجاب میں جلسہ کرے گی تو اسے مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی کیونکہ عوام کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ یہ بات انہوں نے لیاقت باغ کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ کمشنر نور الامین مینگل، آر پی او عمران احمر،
ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق اور سی پی او ندیم شہزاد بخاری بھی انکے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران پی ٹی آئی کے جلسے کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ہاشم ڈوگر نے کہا کہ تاریخ کا سیاہ دور شروع ہو چکا ہے کیونکہ پیمرا نے مقبول ترین لیڈر عمران کی چینلز پر لائیو تقریر دکھانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت عمران خان کی مقبولیت سے خوف زدہ ہے اس لئے غیر آئینی اقدامات پر اتر آئی ہے۔ ہاشم ڈوگر نے کہا کہ شہباز گل سے جب جیل میں ملا تو وہ انتہائی بیمار تھے جبکہ ہم نے شہباز گل سے متعلق عدالتی احکامات پر عمل در آمد کیا یے۔ انہوں نے اپنے گزشتہ بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پہلے بھی یہ کہا تھا کہ شہباز گل پر اڈیالہ جیل میں تشدد نہیں ہوا جبکہ عمران خان نے واضع طور یہ بیان دیا تھا کہ شہباز گل پر اسلام آباد پولیس نے تشدد کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے شہباز گل پر صرف تشدد نہیں بلکہ بیہمانہ تشدد کیا تھا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ شہباز گل پر جو پرچہ درج کیا گیا ہے وہ قانون کے مطابق نہیں جبکہ ہم مسلم لیگ ن کے لیڈران کے خلاف جو مقدمات درج کریں گے ان میں تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 25 مئی کو قانون توڑنے والے افراد کے خلاف کارروائی کا عمل جاری ہے جبکہ ن لیگ کے دور میں بغیر وارنٹ ہمارے گھروں پر گرفتاری کے لیے چھاپے مارے گئے۔ہاشم ڈوگر نے کہا کہ کاغذی شیر کی حکومت صرف 17 کلومیٹر تک محدود ہو چکی ہے جبکہ یہ عمران خان نے اپنی ہی مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک کمیٹی تشکیل دینے جارہے ہیں جوکہ پولیس سے جیل کے حوالے کیے جانے والے قیدی کا میڈیکل کروائے گی۔ بعدازاں انہوں نے جلسہ گاہ کا تفصیلی دورہ کیا۔