سرگودھا(این این آئی) آٹے کے تھیلا چوری کے الزام میں 19 سالہ نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا کر سر کے بال، داڑھی، مونچھیں اور بھنویں مونڈ کر منہ کالا کر کے پورے گاؤں میں تماشہ بنانے کی ویڈیو وائرل کرنے کے واقعہ کے نوٹس پر دو ملزمان کو گرفتار کر کے پولیس نے دس ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔زرائع کے مطابق سرگودھا کے تاریخی قصبہ بھیرہ کے علاقہ خان محمد والا میں آٹے کے
تھیلا چوری کے الزام میں بااثر افراد نے اپنی عدالت لگا کر 19 سالہ نوجوان کلیم اللہ کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے سر کے بال، داڑھی،مونچھیں اور بھنویں مونڈ دیں اور اس کا منہ کالا کر کے پورے گاؤں میں تماشہ بنا کر ویڈیو وائرل کر دی۔اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او محمد طارق عزیز نے ایس ڈی پی او بھلوال سرکل سے رپورٹ طلب کر کے ملزمان کو گرفتار کر کے قانونی کاروائی کا حکم دیا۔جس پر تھانہ بھیرہ پولیس نے وقوعہ میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر کے متاثرہ نوجوان کلیم اللہ کی ماں نسرین بی بی کی مدعیت دس ملزمان محمد تنویر، ثقلین، اعجاز، عندلیب،احسان،بلال،ملازم حسین،خرم،شہزاد،عاصم شہزاد، کے خلاف زیر دفعہ 337V/292/500/147/149 ت پ مقدمہ درج کر لیا اور دیگر ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارتے ہوئے پولیس مصروف تفتیش ہے۔اس واقعہ کے نوٹس لینے پر ڈی پی او محمد طارق عزیز کا کہنا ہے کہ کسی کو شرپسندی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ہر شہری کو بلا تفریق قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ واردات میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کوئی رعائیت نہیں برتی جائے گی۔اس وقوعہ کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے جس میں قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔