اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے باضابطہ طور پرسی پیک اتھارٹی کو ختم کرنے کی منظوری دے دی جو چین کی رضامندی سے مشروط ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے اربوں ڈالر کے منصوبے پر
تیزی سے عملدرآمد میں مدد ملے گی۔یہ فیصلہ 2ماہ قبل وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے بھیجی گئی اس سمری کی بنیاد پر کیا گیا جس میں سی پیک اتھارٹی کو تحلیل کرنے کی سفارش کی گئی تھی جو اپنے قیام سے ہی متنازع ہے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ سی پیک کے مفاد میں ہے کہ منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اتھارٹی کو تحلیل کر دیا جائے، دوسری جانب سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیخ رشید نے کہا کہ چین کی رضا مندی کے بغیر سی پیک اتھارٹی ختم کرنا سامراجی ایجنڈا ہے، چین کے خلاف اسی کام کے لیے ان کو لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان 8 حلقوں میں اہل ہے اور فیصل آباد میں نااہل یہ کیسا قانون ہے؟۔شیخ رشید نے کہا کہ 30اگست کو غریب پر 10روپے فی لیٹر کی مزید چھری پھرے گی، مرکز اور صوبے کی پولیس کو آمنے سامنے کھڑا کر دیا گیا ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ غریب مہنگائی میں جل رہا ہے، حکمرانوں نے نوٹ بینک بچانے کے لیے ووٹ بینک کو قربان کر دیا۔سابق وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کی واپسی طے نہیں پا سکی۔