کراچی(این این آئی) پاکستان کا سب سے بڑا جھنڈا بنانے والے شیخ نثار نے ایک کلومیٹر طویل قومی پرچم تیار کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شیخ نثار پرچم والا نے بتایا کہ جب یہ کام شروع کیا تو پہلے صرف کپڑوں کا کاروبار تھا۔
لوگوں کو دیکھا کہ 14 اگست سے قبل پرچم کی تیاری میں بنیادی رموز کا خیال نہیں رکھا جاتا تھا اور عجیب بے ہنگم پرچم تیار ہوتا تھااس کے بعد پرچم کی تیاری شروع کرنے کا خیال آیا۔انھوں نے کہا کہ جب یہ کام شروع کیا توجدید مشینوں پر پرچم کی تیاری شروع کی اور اس کام میں اتنی جدت آئی کہ دنیا کا سب سے بڑا پرچم تیارکیا اور گینز ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کروالیا۔ریکارڈ سے متعلق شیخ نثار نے بتایا کہ امریکا کے سپر فلیگ کا ریکارڈ توڑا تھا۔ وہ ایک لاکھ 25 ہزار اسکوئر فٹ پر محیط تھا۔ پاکستان کا پرچم 1 لاکھ 73ہزار400 اسکوئر فٹ کا تھا۔انہوں نے کہاکہ 2005 میں آنے والے زلزلے کے بعد اس پرچم سے لحاف بنا کر زلزلے سے متاثرہ علاقے میں بھیجے تھے۔انھوں نے بتایا کہ ان کا خواب ایک کلومیٹر طویل پرچم تیار کرنا ہے جس کو حدِ نگاہ دیکھ نہ سکے۔ انہوں نے بتایاکہ وہ پرچم ایسا ہو کہ ہیلی کاپٹر سے ہی اس کی عکس بندی ممکن ہو۔اس کام سے متعلق انہوں نے کہاکہ اب پرچم کی تیاری صرف مشینوں پر ہوتی ہے۔ اس کپڑے کو پہلے سفید کیا جاتا ہے جس کے بعد اس پر سبز رنگ پرنٹ کیا جاتا ہے۔ پورے سال یہ پرچم تیار ہوتے ہیں۔شیخ نثار نے کہاکہ واہگہ بارڈر پر بھی یہاں سے پرچم جاتے ہیں اور وہاں بھی بھارت کا ریکارڈ توڑا تھا۔شیخ نثار نے بتایا کہ پوری دنیا کے جھنڈے ان کی فیکٹری میں تیار کئے جاسکتے ہیں۔