اسلام آباد(آن لائن) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کمیٹی کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے حج اخراجت میں کمی لانے کیلئے 4ارب 88کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کی گئی ہے ،اگلے سال حج اخراجات میں تین لاکھ روپے تک مزید اضافہ
متوقع ہے ،کمیٹی نے بہترین حج انتظامات پر وزارت مذہبی امور کی کارکردگی کو سراہا۔ کمیٹی نے بچوں کی کفالت ماں کو دینے کا بل مسترد کر دیا۔قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیرمین مولانا عبدالغفور حیدری کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہا ئو س میں ہوا اجلاس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور سمیت سیکرٹری مذہبی امور اور اسلامی نظریاتی کونسل کے ڈی جی ریسرچ ڈاکٹر انعام اللہ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی اجلاس میں سینیٹر محسن عزیز کی جانب سے پیش کئے جانے والے گارڈین اینڈ وارڈز ترمیمی بل 2022سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات اراکین کے سامنے پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ اس حوالے سے موجودہ قوانین درست ہیں اور اس میں مذید ترمیم کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اسلام میں بچوں کی پرورش ،وراثت اور کفالت کے حوالے سے الگ الگ قوانین ہیں اور مختلف صورتوں میں ماں اور باب کو اختیارات دئیے گئے ہیں اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہاکہ ایک مسلمان مرد کو عیسائی اور یہودی خواتین کے ساتھ شادی کی اجازت ہے شرط یہ ہے کہ وہ خواتین اپنے اپنے دین پر عمل پیرا ہوں تاہم بچوں کی پرورش کے سلسلے میں اسلامی تعلیمات پر عمل کرانا والد کی ذمہ داری بنتی ہے انہوں نے کہاکہ اسی طرح اسلام میں خاوند کی وفات یا طلاق کے بعد
عورت کو دوسری شادی کرنے کا حق حاصل ہے لیکن اس صورت میں بچوں کی کفالت کا حق ماں کو نہیں دیا جاسکتا۔اس موقع پر چیرمین کمیٹی نے کہاکہ ہم نے پہلے بھی اس بل کو مسترد کیا تھا مگر تھوڑی سی ترمیم کے بعد اس کو دوبارہ پیش کیا گیا ہے جس پر کمیٹی نے اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کی روشنی میں بل کو کثرت رائے سے مسترد کردیا اجلاس کے دوران سیکرٹری مذہبی امور نے حج
2022 کے سلسلے میں کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سرکاری حج سکیم کے تحت 34ہزار 388افراد نے حج کی سعادت حاصل کی ہے وفاقی حکومت کی جانب سے وزارت کو سبسڈی کے طور پر 4ارب 88کروڑ روپے فراہم کئے گئے ہیں جو سعودی عرب سے حجاج کرام کی واپسی کے بعد انہیں ادا کرنا شروع کردیا جائے گا انہوںنے کہاکہ امسال حج کے اخراجات کاابتدائی تخمینہ 9لاکھ روپے لگایا گیا
تھا جبکہ حجاج سے 8لاکھ 60ہزار روپے وصول کئے گئے تھے اب حجاج کو تقریباً 1لاکھ 40سے 50ہزار روپے تک واپس کئے جارہے ہیں اور حج اخراجات ساڑے چھ لاکھ سے 7لاکھ روپے کے درمیان آئے ہیں انہوں نے بتایا کہ اگلے سال حج اپریشن مذید مہنگا ہوگاعالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے سمیت دیگر عوامل کی وجہ سے حج اخراجات میں تین لاکھ روپے تک اضافہ ہوسکتا ہے کمیٹی کو بتایا گیا کہ
امسال حج سیزن کے موقع پر 396شکایا ت موصول ہوئی تھی جنہیں موقع پر حل کر لیا گیا کمیٹی کو بتایا گیا کہ نجی ٹور اپریٹرز کا حج پیکیج 9لاکھ 40ہزار سے لیکر 31لاکھ 13ہزار روپے تک رکھا گیا تھاامسال 15 ہزار کے قریب عازمین کو روڈ ٹو مکہ کی سہولت فراہم کی گئی اس موقع پر کمیٹی نے بہترین حج انتظامات پر وفاقی وزیر اور وزارت مذہبی امور کے عملے کو خراج تحسین پیش کیا۔