اسلام آباد (این این آئی)پیپلز پارٹی کی ترجمان ووفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا ہے کہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات الیکشن کمیشن نے ملتوی کئے ہیں، سندھ حکومت نے کوئی درخواست نہیں دی تھی،عمران خان اخلاقی طور پر دیوالیہ ،کیلیفورنیا کی عدالت سے فرار ہے،نشہ نہ ملنے
پر عمران خان کو آصف زرداری یاد آجاتا ہے،پنجاب کے معاملات میں پیپلزپارٹی کی کوئی شراکت نہیں ،کیا آصف زرداری اتحادیوں سے ملنے عمران خان سے اجازت لیکر جائیں ؟،جس کے بچے پاکستانی نہیں وہ ہمیں پاکستانیت کا سبق سکھاتا ہے،عمران خان وزیر اعظم بننے سے پہلے دو لاکھ روپے ٹیکس دیتا تھا ،وزیر اعظم بننے کے بعد ایک کروڑ کا ٹیکس دیا ،یہ واحد پاکستانی ہو گا جس نے بغیر کاروبار کے ایک کروڑ ٹیکس کا جمپ مارا ہے،پوچھنا چاہیے بغیر کاروبار کے اتنے اثاثے کہاں سے بنائے ؟،پنجاب کے ایم پی ایز قائل ہوکر حمایت کرتے ہیں تو اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔جمعرات کو ترجمان پیپلز پارٹی ووفاقی وزیر شازیہ مری نے پارٹی رہنماء فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات الیکشن کمیشن نے ملتوی کئے ہیں، سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی کوئی درخواست نہیں کی، درخواستیں دیگر جماعتوں نے دی ہیں تو اس بارے میں معلومات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ملتوی ہونے کے بعد سندھ حکومت کیخلاف انتہائی غلیظ پروپیگنڈہ شروع کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ جماعتیں پہلا مرحلہ بھی ملتوی کرانا چاہتی تھیں،جن کی اوقات نارمل الیکشن کرنے کی نہیں وہ ای وی ایم کے مطالبے کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مخالفین کو گالی کا جواب گالی سے دینا نہیں سیکھا،پی ٹی آئی کو صرف مغلظات ہی بکنا آتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹ کا منبہ ہے، جھوٹ دھراتا رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اخلاقی طور پر دیوالیہ آدمی اور کیلیفورنیا کی عدالت سے فرار ہے۔سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب عمران خان کو نشہ نہیں ملتا تو اسے آصف زرداری یاد آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے معاملات میں پیپلزپارٹی کی کوئی شراکت نہیں ہے، لاہور عمران خان کے باپ کا ہے کہ آصف زرداری لاہور نہ جائیں۔انہوں نے
کہا کہ اگر آصف زرداری اپنے اتحادیوں سے ملنے جاتے ہیں تو کیا عمران خان سے اجازت لیکر جائیں ؟۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے کبھی اس کو جواب نہیں دیا مگر پھر بھی ان کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جس طرح لوگوں کو گالیاں دینے پر لگایا ہوا ہے وہ پاکستان کا کلچر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خن مودی کے الیکشن کیلئے گڈ لک کہتا ہے لیکن اپنے ملک کی سیاسی حقیقت کو ختم کرنا چاہتا ہے۔انہوں
نے کہا کہ جس کے بچے بھی پاکستانی نہیں وہ ہمیں پاکستانیت کا سبق سکھاتا ہے،عمران خان سیاست میں مذہب کا استعمال کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لوگ اپنے ہی دام لگا رہے ہیں، کوئی کہہ رہا ہے 10تو کوئی 15کروڑ کہہ رہا ہے۔شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان خود تو نصیب ہے لیکن ملک کو بدنصیب بنانے پر تلا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی پوچھے کہ توشہ خانے کے تحفے کیسے بیچے تو کہتا ہے کہ تم غدار ہو۔اگر کوئی گوگی
بی بی کا نام لے تو کہتا ہے آپ غدار ہو ، فرح بی بی کا نام لینے پر عمران نیازی فوری طور پر پریس کانفرنس کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ زرداری صاحب پر الزام لگاتے ہیں اور ثبوت ان کیخلاف سامنے آتے ہیں،شیخ رشید کی آڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ شرقپوری کو پیسے دینے کا پوچھ رہا ہے ،اب کہتا ہے کہ یہ مذاق تھا ،شرقپوری کی تصویر سامنے آئی ہے جو اس آڈیو کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمرا خان نے ایسے لوگ کابینہ
میں بٹھائے جن کا ملک میں ککھ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پوری زندگی اس کے کردار کی عکاس ہے ،عمران خان کے حوالے سے جو کتاب لکھی گئی ہے اس کو پڑھنا بھی گوارہ نہیں ہے،کتاب میں جس غلاظت کا ذکر کیا گیا ہے جب سنتے ہیں تو کانوں کو ہاتھ لگاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ کانٹوں کا سہرا ہے جو حکومت نے سر لیا ہے،موجودہ حالات میں صرف عمران خان کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیر
اعظم بننے سے پہلے دو لاکھ روپے ٹیکس دیتا تھا ،وزیر اعظم بننے کے بعد عمران خان نے ایک کروڑ ٹیکس دیا یہ واحد پاکستانی ہو گا جس نے بغیر کاروبار کے ایک کروڑ ٹیکس کا جمپ مارا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان سے پوچھنا چاہیے کہ بغیر کاروبار کے اتنے اثاثے کہاں سے بنائے ؟۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ایم پی ایز قائل ہوکر حمایت کرتے ہیں تو اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ریکارڈ بارشیں ہوئی ہیں ،لیکن اس کے باوجود
سندھ گورنمنٹ نے اپنا کردار ادا کیا اور شہر کو کلیئر کیا۔انہوں نے کہا کہ اللہ پاکستان کو سلامت رکھے ، سیاست ہوتی رہے گی۔اس موقع پر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگ کہتے ہیں کہ ان کے ممبران کو 25 کروڑ میں ،کچھ کہتے ہیں 40 کروڑ روپے میں خریدا جا رہا ہے،بھائی آپ ریٹ تو فکس کرلیں ،آخر بکتے صرف پی ٹی آئی والے ہی کیوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جس کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہتے تھے اسے
وزیر اعلیٰ کا امیدوار بنا دیا ،پی ٹی آئی کے لوگ کہتے ہیں کہ ان کو ہم ووٹ کیوں دیں ۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز شریف ہی پنجاب کے وزیراعلیٰ منتخب ہونگے،سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پیپلز پارٹی کے 900امیدوار کامیاب ہوئے،ہم بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے تیار تھے،مگر انتخابات ملتوی کردیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے حیدر آباد میں کمپین کی
ہے،عمران خان کو بھی چاہئے اپنی بیٹی کو کمپین میں بھیجیں ،سندھ حکومت عمران خان کی بیٹی کو پوری سیکیورٹی فراہم کریگی۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے پنجاب جانے پر پی ٹی آئی خوفزدہ ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بتایا جائے کہ کیا پنجاب کے ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد امریکہ کی سازش ختم ہوگئی ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ (آج) پنجاب اور پاکستان کی سیاست کا اہم دن ہے، انشااللہ ہماری فتح ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ انشاللہ حمزہ شہباز کو جمہوری طریقے سے وزیراعلیٰ منتخب کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی نمبر گیم کا (آج) پتہ چل جائے گا، پنجاب میں لوگ ہم سے رابطے میں ہیں، رات تک بہت کچھ واضح ہوجائیگا۔