کراچی (آن لائن) کاروباری ہفتہ کے پہلے ہی روز ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپیہ بد ترین گراوٹ کاشکار ہو گیا،انٹر بینک میں ڈالر4روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر5روپے تک مہنگا ہو گیاجس کی وجہ سے ڈالر ایک بار پھر215روپے کی سطح سے تجاوز کر گیا ۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد سیاسی عدم استحکام پیدا ہونے سے روپیہ دباؤ کا شکار ہوا کیونکہ مارکیٹ نئی حکومت کے حوالے سے غیر یقینی کی صورتحال کا شکار ہے ۔ فاریکس ایسوسی ایشن آ ف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پیرکو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں4.25روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 211روپے سے بڑھ کر214.50روپے اور قیمت فروخت211.25روپے سے بڑھ کر215.50روپے ہو گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میںڈالر5.5روپے مہنگا ہو گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 209.50روپے سے بڑھ کر215روپے اور قیمت فروخت210.50روپے سے بڑھ کر216روپے پر جا پہنچی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 5روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد یورو کی قیمت خرید 209روپے سے بڑھ کر213روپے اور قیمت فروخت212روپے سے بڑھ کر217روپے ہو گئی جبکہ6روپے کے اضافے سے برطانوی پونڈکی قیمت خرید 246روپے سے بڑھ کر252روپے اور قیمت فروخت250روپے سے بڑھ کر256روپے ہو گئی