کوہاٹ (این این آئی) محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے ینگ ٹیچرزایسوسی ایشن (ایڈہاک ٹیچرز)کے بنی گالہ میںعمران خان کی رہائش گاہ کے باہر کل بروز منگل مجوزہ احتجاج میں شرکت کرنے والے اساتذہ کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس ضمن میں باوثوق ذرائع نے ڈائریکٹر محکمہ تعلیم محمد ابرہیم کے دفتر سے جاری ایک مراسلہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ گزشتہ روز صوبائی نظامت تعلیم کے دفتر سے صوبہ بھر کے تمام اضلاع بشمول قبائلی اضلاع میں مردانہ و زنانہ دسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (ڈی ای اوز) کے نام مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں انہیںکل بروز منگل بمطابق 19 جولائی 2022 کو ینگ ٹیچرز ایسوسی ایشن (ایڈہاک) کے بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر مجوزہ احتجاج میں شرکت کرنے واے اساتذہ پر کڑی نظر رکھنے اور انکے خلاف سخت کاروائی کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ احتجاج میں شرکت کرنے والے اساتذہ کے نام’ عہدے اورسکول نام فوری طورپر صوبائی نظامت تعلیم کو ارسال کی جائے تاکہ ان کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔ ذرائع کے مطابق ینگ ٹیچرز ایسوسی ایشن (ایڈہاک ٹیچرز)نے اپنے مطالبات کے حق میں کل بروزمنگل بنی گالا میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہرہرصورت احتجاج کرنیکی کال دی ہے۔