کراچی (آن لائن)عالمی مالیاتی فنڈز کی جانب سے پاکستان کیساتھ 1ارب17کروڑ ڈالر کے معاہدے کی تصدیق کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں،کاروبار کے دوران کے ایس ای100انڈیکس ساڑھے چار سوسے زائد پوائنٹس بڑھ گیا
جس کے بعد مارکیٹ نہ صرف42ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گئی بلکہ انڈیکس 42300پوائنٹس کے بلند سطح پر جا پہنچا۔کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 61ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ60فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروبار کا آغاز تیزی کیساتھ ہوا،سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی توانائی،گیس،فوڈز،ریفائنری،ٹیلی کام اور فرٹیلائزر سیکٹر میں سرمایہ کاری کی بدولت ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 41900،42000،42100، 42200اور42300پوائنٹس کی 5بالائی حدیں عبور کر گیا۔اسٹاک ماہرین کے مطابق ٹریڈنگ کے دوران آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے قرض معاہدے کی منظوری کی خبروں پراچانک کاروباری سرگرمیاں تیز ہو گئیں اور مقامی انسٹی ٹیوشنز اور بروکریج ہاؤسز نے منافع بخش شعبوں میں خریداری کی۔تجزیہ کاروں کے مطابق آئندہ ہفتے مارکیٹ میں بلندی کی نئی سطح کو چھو سکتی ہے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کے ایس ای100انڈیکس میں 486.14پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں انڈیکس 41862.77پوائنٹس سے بڑھ کر42348.91پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 201.28پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 15963.65پوائنٹس سے بڑھ کر 16164.93پوائنٹس پر جا پہنچا
جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 28777.50پوائنٹس سے بڑ ھ کر29029.30پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 61ارب37کروڑ74لاکھ69ہزار 790روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 70کھرب15ارب45کروڑ2لاکھ68ہزار854روپے سے بڑھ کر70کھرب76ارب82کروڑ77لاکھ38ہزار644روپے ہو گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو7ارب
روپے مالیت کے 22کروڑ78لاکھ48ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ بدھ کو6ارب روپے مالیت کے16کروڑ48لاکھ27ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ روز مجموعی طور پر330کمپنیو ں کا کاروبار ہوا جس میں سے 198کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،101میں کمی اور31کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبارکے لحاظ سے کے الیکٹرک لمیٹڈ3کروڑ21لاکھ،ٹی
پی ایل پراپرٹیز 1کروڑ41لاکھ،سوئی نادرن گیس91لاکھ57ہزار،یونٹی فوڈز لمیٹڈ 91لاکھ17ہزار اور سوئی نادرن گیس 82لاکھ76ہزار حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے ماری پیٹرولیم کے بھاؤ میں 30.60روپے کا اضافہ ہوا جس سے اسکے حصص کی قیمت بڑھ کر 1770.29روپے ہو گئی اسی طرح 150.00روپے کے اضافے سے نیسلے پاکستان کے حصص کی قیمت 6000.00روپے پر جا پہنچی جبکہ باٹا پاک کے بھاؤ میں 20.00روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے اسکے حصص کی قیمت 2350.00روپے ہو گئی جبکہ95.00روپے کی نمایاں کمی سے کولگیٹ پامولیو کے حصص کی قیمت کم ہو کر 2100.00روپے پر آ گئی۔