مظفرگڑھ، اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی) تحصیل چوک سرور شہید میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے کی ریلی پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے پتھراؤ کیا،جواب میں نامعلوم شخص کی ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا،جنگ اخبار کی رپورٹ
کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے ایم پی اے اظہر عباس چانڈیہ ریلی کی صورت میں مریم نواز کے جلسے میں شرکت کے لیے لیہ جارہے تھے. کہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے پتھراؤ شروع کردیا۔پتھراؤ کی زد میں اظہر عباس چانڈیہ کی گاڑی بھی آئی،اس موقع پر ریلی میں شریک نامعلوم شخص کی ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر مومن خان نامی شخص زخمی ہوگیا،زخمی ہونے والے شخص کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چوک سرور شہید منتقل کردیا گیا،واقعے کے بعد زخمی ہونے والے شخص کے لواحقین نے عزیز چوک پر ٹائر جلا کر احتجاج شروع کردیا اور روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا،مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کیا جائے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے فواد چوہدری نے کہا ہے کہ (ن )لیگ کے 19 امیدواروں کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دی ہے، آرٹیکل 62 ایف کے تحت 19 حلقوں کے ن لیگ کے امیدوار الیکشن لڑنے کے اہل نہیں ہیں۔فواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری درخواست ہے کہ یہ 19 لوگ الیکشن لڑنے کے اہل نہیں ہیں، تمام حلقوں میں ن لیگ کا ورکر ان کے ساتھ نہیں اس لیے آدھی کابینہ سے استعفیٰ دلوانا پڑا، امید ہے کہ الیکشن کمیشن ایک سے دو دن میں ہماری درخواست پر فیصلہ کر دے گا۔