وزیراعظم ہائوس کی وزارت ہاوسنگ کے معاملات میں مبینہ مداخلت پر جے یو آئی کے وزیر سخت ناراض، بات مولانا فضل الرحمان تک پہنچ گئی
اسلام آباد ( آن لائن) وزیراعظم ہائوس کی جانب سے وزارت ہاوسنگ کے معاملات میں مبینہ مداخلت پر جے یو آئی کے وزیر نے
اظہار ناراضگی کردیا ۔معاملے سے جے یو آئی آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن کو بھی آگاہ کردیا گیا۔ پیر کے روز سینیٹ ہاوسنگ کمیٹی کے
اجلاس میں وفاقی وزیر مولانا عبد الواسع نے انکشاف کیا کہ وزیراعظم پاکستان نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد سے
ملاقات کے بعد احد چیمہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جو ووکلا ہاؤسنگ سوسائٹی میں درپیش مشکلات کا جائزہ لے رہی ہے
انہوں نے کہا کہ میں نے اس کو وزارت کے معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے اس پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے
اور وزارت کے افسران کو حکم دیا ہے کہ اس معاملے میں کوئی تعاون نہ کریں انہوں نے کہا کہ وزارت کے کچھ افسران نے فوکل پرسن احد چیمہ سے ملاقات کی تھی
جس پر میں نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا اور یہ معاملہ مولانا فضل الرحمان کے نوٹس میں بھی لایا گیا ہے کہ یہ وزارت جے یو آئی کو ملی ہے
اور اس میں کسی کی بھی مداخلت قبول نہیں ہے انہوں نے کہا کہ موضع تمہ اور موضع موریا کے حوالے سے مسائل کو حل کریں گے اور کسی کی بھی حق تلفی نہیں ہونے دیں گے۔