پشاور(این این آئی)وزیر اعلیٰ محمود کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ اقلیتی امور خیبر پختونخوا اقلیتوں کے مذہبی تہوار اور رسومات کی تقریبات سرکاری سطح پر منارہی ہے. اب تک محکمہ اقلیتی امور اس سال میں 4 اقلیتی تہوار مناچکی ہے. اسی سلسلے میں ہندو دھرم کے تہوار پرگھٹ دیہہ بھگوان کی مہانتہ کی تقریب کوہاٹ میں منعقد کی گئی،
جسکے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی وزیر زادہ تھے. تقریب میں ہندو دھرم سے تعلق رکھنے والے افراد جسمیں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی کے علاوہ صوبائی اسمبلی سے تعلق رکھنے والے ارکان روی کمار، ولسن وزیر اور رنجیت سنگھ نے بھی شرکت کی. تقریب میں پرگھٹ دیہہ بھگوان کی تاریخ پر روشنی ڈالی گئی اور ہندو دھرم میں اسکی اہمیت کو اجاگر کیا گیا. تقریب کا آغاز ہندو دھرم کے مذہبی کلمات سے کیا گیا. اسکے بعد پاکستان کا قومی ترانہ پیش کیا گیا. تقریب میں ہندو دھرم سے تعلق رکھنیوالے چھوٹے بچوں نے ٹیبلوز بھی پیش کیئے. صوبائی اسمبلی کے اقلیتی ممبران نے اپنے خطاب میں صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور اقلیتوں کیلئے اٹھائے اقدامات کی تعریف کی. ایم پی اے روی کمار نے کوہاٹ میں کامیاب سنگھت کے انعقاد پر محکمہ اقلیتی امور اور منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا. انہوں نے مذید کہا کہ ویلمیک مندر کیلئے اس سال 50 لاکھ کے فنڈز کی منظور کیئے جاچکے ہیں۔ ایم پی اے رنجیت سنگھ نے اپنے خطاب میں محکمہ اقلیتی امور اور معاون خصوصی وزیرزادہ کا شکریہ ادا کیا اور اقلیتوں کیلئے انکے اقدامات کو سراہا۔ وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیرزادہ نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ میں آپ کا مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان کی کاوشوں سے خیبر پختونخوا میں اقلیتیں اب ہر اول دستہ بن چکی ہیں۔ صوبائی حکومت کی طرف سے اقلیتوں کیلئے کئے اقدامات کے بارے میں بتاتے ہوئے
معاون خصوصی نے بتایا کہ حکومت نے اقلیتوں کیلئے نوکری کا کوٹہ 5 فیصد کردیا ہے۔اقلیتوں کیلئے کالجوں میں کوٹہ مقرر کیا گیا ہیاور اسی سال سے اقلیتی طلباء و طالبات کو سکالرشپ شروع کردی جائے گی۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی طرف سے جاری اقدامات کے بارے میں مذید بتاتے ہوئے کہا کہ
ایف اے، ایف ایس سی کے 400طلبہ و طالبات کو سکالرشپ دیں گے، بیواؤں کیلئے 10ہزار اور معذوروں کو 10ہزار وظائف دیے جائیں گے، کوہاٹ میں ہندو کمیونٹی کیلئے شمشان گاٹ کا کام مکمل ہوچکا ہے،
اپنی تقریر کے اختتام پر انہوں نے کوہاٹ ہندو کمیونٹی کو کامیاب تقریب کے انعقاد پر انکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مجھے کوہاٹ سے محبت ہے جو ہمیشہ رہے گی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء میں شیلڈز تقسیم کی گئی۔