ہانگ کانگ(این این آئی)ہانگ کانگ کا مشہور فلوٹنگ(تیرنیوالا)ریسٹورنٹ جنوبی چین کے سمندر میں ڈوب گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہانگ کانگ کا مشہور جمبو فلوٹنگ ریسٹورنٹ جسے ایک بحری جہاز پربنایا گیا تھا ایبرڈین بندرگاہ سے دور ہٹائے جانے کے ایک ہفتے سے بھی کم عرصے بعد جنوبی چین کے سمندر میں ڈوب گیا۔فلوٹنگ ریسٹورنٹ کو اس وقت ناپسندیدہ حالات کا سامنا کرنا پڑا جب وہ جنوبی بحیرہ چین میں جزیرہ شیشا، جسے پیراسل جزائر بھی کہا جاتا ہے سے گزر رہا تھا کہ پانی جہاز میں داخل ہونا شروع ہوگیا اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ سمندر کی نظر ہوگیا۔کمپنی کا کہنا تھا کہ سمندر کی گہرائی کی وجہ سے ریسٹورنٹ کو بچانے کا کام انتہائی مشکل ہے جبکہ فلوٹنگ ریسٹورنٹ ڈوبنے کے واقعے میں عملے کا کوئی رکن زخمی نہیں ہوا۔رپورٹس کے مطابق مالی مشکلات کے شکار دوسال سے بند ریسٹورنٹ کو شہر سے منتقل کیا جارہا تھا۔