لندن(اے ایف پی) عالمی منڈی میں ٹریڈنگ کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں 5 فیصد سے زائد کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔
کساد بازاری کے خوف کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں کمی امریکا و دیگر مغربی ممالک میں شرح سود میں اضافے کے پیش نظر ہوئی کیوں کہ سرمایہ کار اس اقدام سے پریشان ہیں۔
کاروبار کے دوران برطانوی برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 4.9 فیصد یعنی 5.85 ڈالر کم ہوکر 113.96 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
دوسری جانب امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 5.7 فیصد یعنی 6.66 ڈالر کم ہوکر 110.93 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
دریں اثناء عالمی سطح پر مہنگائی کے سبب اسٹاک مارکیٹس میں بھی مندی کا رجحان برقرار رہا۔امریکا کی اسٹاک مارکیٹ 0.1 فیصد کمی، برطانیہ کی 0.2 فیصد اور جاپان کی اسٹاک مارکیٹ میں 1.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔