فیصل آباد(آن لائن)کوئلہ، بجلی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ڈویژن بھر کے بھٹے 30جون کو دو ماہ کے لئے مکمل بند ہو جائیں گے ۔10جولائی سے پختہ اینٹوں کی سیل اور سپلائی بھی بندکردی جائے گی ، آن لائن کے مطابق ڈویژنل صدر انجمن مالکان بھٹہ
خشت ایسوسی ایشن حاجی محمد اسلام،ضلعی صدر چوہدری عبدالرزاق باجوہ، چیئر مین حاجی الطاف،سر پسرت اعلیٰ چوہدری اشرف گجر، جنرل سیکر ٹری حاجی غلام مصطفی نے کہا ہے کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے مرکزی صدر شعیب خان نیازی اور جنرل سیکر ٹری مہر عبدالحق کی ہدائت پر کوئلہ اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف پورے ڈویژن کے بھٹے 30جون کو دو ماہ کے لئے مکمل بند ہو جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعیب خان نیازی کی زیر صدارت لاہور میں ہونے والے پنجاب بھر کے بھٹہ مالکان کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے بعد واپسی پر مرکزی دفتر ڈیرہ چوہدری علی اصغر بھولا گجر شہید پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حاجی اسلام، حاجی الطاف،چوہدری غلام مصطفی نے بتایا کہ لاہور میں ہونے والا اجلاس انتہائی کامیاب رہا ہے جس میں پورے پنجاب کے صدور اور جنرل سیکر ٹریز نے شرکت کی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کوئلہ، بجلی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف سال میں 4بھٹے بند رہیں گے ۔10جولائی سے پختہ اینٹوں کی سیل اور سپلائی بھی بند کردی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اینٹوں کی تیاری کی لاگت بڑھتی جا رہی ہے جبکہ قیمت کم ہے ۔بھٹہ مالکان نے کہا کہ بھٹے بند ہونے سے بے روزگاری کا سیلاب آئے گا لیکن ہمارے پاس کوئی اور آپشن نہیں ہے۔اس انڈسٹری سے جڑے کاروباری افراد قرضوں کے بوجھ تلے دبتے جا رہے ہیں۔