اسلام آباد ( آن لائن) ایوان بالا میں اپوزیشن اراکین کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شدید احتجاج ،اپوزیشن اراکین چیئرمین سینیٹ ڈائس کے سامنے جمع ہوگئے اور امپورٹڈ حکومت ،این آر او ٹو نامنظور کے نعرے لگاتے رہے ،
اراکین پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے علامتی واک آؤٹ کر گئے۔جمعرات کے روز سینیٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایمپورٹڈ حکومت نے گزشتہ شب عوام پر شب خون مارتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ کوئی بھی وزیر صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے ایوان میں موجود نہیں ہے انہوں نے کہا ایک فون کال پر وزیر خزانہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیتے ہیں ، موجودہ نااہل حکومت نے عوام کو مہنگائی کے جہنم میں دھکیل دیا ہے اور اب صورتحال کا سامنا بھی نہیں کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ جب تک وزیر خزانہ اس ایوان میں واپس نہیں آئیں گے اس وقت تک ایوان میں بجٹ پر بحث نہیں ہوگی اس موقع پر اپوزیشن اراکین چیرمین سینٹ کی ڈائس کے سامنے جمع ہو گئے اور نعرے بازی شروع کردی اس موقع پر چیرمین سینیٹ نے اپوزیشن اس اراکین کو اپنی نشستوں پر جاکر احتجاج کرنے کی ہدایت کی تاہم اپوزیشن اراکین موجوہ حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے بعد ازاں اپوزیشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ایوان سے علامتی واک آؤٹ کیا۔