لاہور( این این آئی) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ہر ماہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوںمیں اضافے سے عوام پر اربوں روپے کا بوجھ ڈالا جاتا ہے جو اب نا قابل برداشت ہو چکا ہے ، سستی توانائی کے حصول کیلئے
چھوٹے ہائیڈرل منصوبوں کی تعمیر کیلئے ہنگامی بنیادوں پر پیشرفت کی جائے ۔اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اپریل کے فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 5 پیسے اضافے کی درخواست دی ہے جس کی منظوری کی صورت میںصارفین پر 59 ارب 45 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ منتقل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بد ترین لوڈ شیڈنگ کے باوجود اتنے زیادہ بل آ رہے ہیں جن کی ادائیگی کرنا مشکل ہو گیا ہے ۔ حکومت ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے فارمولے پر نظرثانی کرکے عوام کو ہر ماہ اضافی بوجھ سے نجات دلائے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ آبی ذخائر کی تعمیر کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے ، ملک میں ہزاروں ایسی سائٹس موجود ہیں جہاں پر چھوٹے ہائیڈرل منصوبوں کے ذریعے بجلی کی پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے لیکن بد قسمتی سے اس طرف اس طرح پیشرفت نہیں کی جا تی جس کی ضرورت ہے ۔