اسلام آباد، کراچی (این این آئی)محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں پیر سے گرد آلو ہوائیں چلنے، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کردی،جو چار سے پانچ روز تک جاری رہ سکتی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چند روز سے جاری گرمی کی لہر اتوار کو بھی برقرار رہی،ملک کے اکثر علاقے اتوار کوشدید گرمی کی لپیٹ میں رہے،
خاص طور پر میدانی علاقوں میں سورج آج بھی آگ برساتا رہا،جیکب آباد میں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ، لاڑکانہ، موہنجو دڑو اور شہید بے نظیر آباد میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے ترجمان ڈاکٹر ظہیر بابر کے مطابق کل تک ملک کے اکثر علاقوں میں گرمی کی لہر جاری ہے تاہم یکم مئی سے مغرابی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگاجو5 مئی تک موجود رہے گا جس کے باعث ملک کے اکثر علاقوں میں عید کی تعطیلات کے دوران آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ڈاکٹر ظہیر بابر کے مطابق بارشوں کے باعث حالیہ گرمی کی لہر میں کمی متوقع تاہم اس دوران آندھی اور تیز ہواؤں کے باعث ملک کے اکثر علاقوں میں کمزور اسٹرکچر کو نقصان پہنچنے اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کی آندھی اور برسات کی پیشن گوئی کے بعد ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ رحمت اللہ شیخ نے عید تعطیلات کے دوران متعلقہ محکمہ جات کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرنے کے ساتھ آندھی اور برسات کی صورت میں ڈی ایم سی ایسٹ میں ایمرجنسی نافذ کردی اور ہدایت کی ہے کہ محکمہ جات ضروری مشینری سمیت افسران وعملہ خدمات کی سر انجام دہی کیلئے الرٹ رہے جبکہ جو بھی دیگر انتظامات اس حوالے سے کرنے ہیں انہیں فوری طور پر مکمل کرلیا جائے
جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ڈائریکٹر اشتہارات حماد خان نے ایڈورٹائزنگ کمپنیوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر چھتوں پر لگے اشتہاری بورڈز ودیگر اشتہاری مواد کو ہٹالیں بصورت دیگر ان اشتہاری مواد کی وجہ سے کوء نقصان ہوا تو اس کی ذمہ داری متعلقہ ایڈورٹائزنگ کمپنی کی ہوگی جس کیخلاف مجوزہ قوانین کے تحت کارواء عمل میں لاء جائے گی، ڈائریکٹر میونسپل سروسز توقیر عباس نے بھی آندھی
اور برسات کے پیش نظر ایمرجنسی کے تحت عید تعطیلات کے دوران اسٹاف متعین کر دیا ہے جو فرائض کی سر انجام دہی کیلئے دستیاب ہوگا، سپرٹینڈنگ انجینئرز مبین شیخ، سلمان میمن،محکمہ ایم اینڈ ای کے ایگزیکٹیو انجینئر امتیاز بھٹو، ایگزیکٹیو انجینئر بی اینڈآر اقبال احمد ملاح نے بھی اس سلسلے میں تیاریوں کے حوالے سے اقدامات کر رکھے ہیں۔اس طرح عید کے موقع پر کراچی سے خیبر تک موسم کی تبدیلی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔