ماسکو، کیف ( آن لائن ، این این آئی) روس نے خلائی سیارہ تباہ کرنے پر تیسری عالمی جنگ شروع کرنے کی دھمکی دی ہے، دوسری جانب یوکرین میں روس نے حملے تیز کر دیئے۔ امریکی وزیردفاع اور اوروزیرخارجہ کے یوکرینی دارالحکومت جانے کا امکان ہے۔روسی خلائی ایجنسی کے سربراہ نے کہا ہے کہ کسی ملک کا خلائی سیارہ تباہ کرنے کا
مطلب عالمی جنگ کا آغاز ہو گا، کسی کوشک نہیں ہونا چاہیے پھر تیسری عالمی جنگ ہو گی۔دوسری جانب یوکرین جنگ تیسرے مہینے میں داخل ہو گئی ہے، روس نے یوکرینی شہروں پر حملے تیز کر دیئے ہیں۔ روسی فورسز نے ماریوپول میں سٹیل مل میں چھپے یوکرینی فوجیوں پر نیا حملہ کیا ہے جس کے بعد یوکرین نے روس کے ساتھ مذاکرات ختم کرنے کی دھمکی دی ہے۔یوکرین کے صدر زیلسنکی کے مطابق امریکی وزیردفاع اور اوروزیرخارجہ کیف پہنچ رہے ہیں، جبکہ امریکا کی جانب سے دورے کے حوالے سے خاموشی ہے۔دوسری جانب یوکرین کے صدرولودی میرزیلنسکی نے خبردارکیا ہے کہ اگر روس ماریوپول شہر میں عوام کو تباہ کرتا ہے اور اپنے زیرقبضہ یوکرینی علاقوں میں ڈھونگ جمہور یائوںکی تشکیل کے لیے فرضی ریفرنڈم کا انعقاد کرتا ہے تو کیف اس کے ساتھ ہرقسم کی بات چیت سے دستبردار ہوجائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق یوکرینی صدر دارالحکومت کیف میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
انھوں نے کہا کہ اگر ماریوپول میں ہمارے افراد مارے جاتے ہیں اور اگرجنوبی علاقے خیرسن میں ڈھونگ ریفرینڈم منعقد کیاجاتا ہے توپھر یوکرین کسی بھی مذاکراتی عمل سے دستبردار ہو جائے گا۔انھوں نے کہا کہ وہ ماریوپول میں یوکرین کے ان تمام فوجیوں کے تبادلے کے لیے تیارہیں جو شہر کا دفاع کر رہے ہیں تاکہ ان لوگوں کو بچایا جاسکے جو خود کو خوفناک صورت حال میں پاتے ہیں اورمحاصرے میں ہیں۔