تہران(این این آئی ) پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے کہا ہے کہ ایران کودشمنوں کی طرف سے پیشکش موصول ہوئی ہیں کہ وہ کچھ رعایتوں کے بدلے میں ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینا چھوڑ دیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے نام لئے بغیر کہا کہ دشمنوں کی جانب سے ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ نہ لینے کی پیشکش کی جبکہ ان کا کہنا تھا کہ ایران ایسی کسی بھی پیشکش کو قبول نہیں کرے گا اور یہ انتقام سلیمانی یقینی ہے۔ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے کہا کہ دشمن ہمیں پیغامات بھیجتے رہتے ہیں کہ اگر آپ سلیمانی کا بدلہ لینا بھول گئے، تو ہم آپ کو کچھ رعایتیں دیں گے اور کچھ پابندیاں اٹھا لیں گے، لیکن یہ ایک غلط خیال ہے۔ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے کہا کہ سپریم لیڈر نے انتقام پر زور دیا ہے اور پاسداران انقلاب اسلامی کے مجموعی کمانڈر نے کہا ہم اس بات کا تعین کریں گے کہ انتقام کب اور کہاں لیا جائے گا۔ان کا کہناتھا کہ شہید سلیمانی کے قتل کے تمام مجرموں کو ان کے گھنائونے عمل کی سزا اس دنیا میں ضرور ملے گی۔