اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف 23ویں وزیر اعظم منتخب ہوگئے۔شہباز شریف کو 174ارکان نے ووٹ دیا۔یاد رہے کہ پاکستان میں اب تک3تحاریک عدم اعتماد پیش ہوئیں
جن میں سے2ناکام ہوئیں اور آخری یعنی تیسری عدم اعتماد وزیراعظم عمران خان کے خلاف پیش ہوئی تھی جو کامیاب ہوئی جس کے بعد شہباز شریف وزیر اعظم منتخب ہوئے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 23ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے ۔پیر کو ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کی معذرت کے بعد پینل آف چیئر ایاز صادق نے قائد ایوان کے انتخاب کرایا، ایوان میں 5 منٹ تک گھنٹیاں بجائی گئیں جس کے بعد بعد ہال اور لابی کے دروازے بند کر دئیے گئے اور ارکان کو اے اور بی لابی میں جانے کیلئے کہا گیا، جس کے بعد ووٹنگ ہوئی ۔ ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے پر پینل آف چیئر سر دار ایاز صادق نے نتائج کااعلان کرتے ہوئے بتایاکہ شہباز شریف کو ایوان میں 174ووٹ ملے تاہم ان کے مد مقابل شاہ محمود قریشی کوئی ووٹ حاصل نہ کر سکے ۔اعلان ہوتے ہی شہباز شریف آصف علی زر داری ، بلاول بھٹو زر داری ، جے یو آئی کے اسعد محمود سمیت تمام اتحادی جماعتوں کے سربراہان کے پاس گئے ان کے ساتھ مصافحہ اور شکریہ ادا کیا اس موقع پر تمام اتحادیوں نے شہباز شریف کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکبا ددی ۔ شہباز شریف وزیراعظم منتخب ہوتے ہی قائد ایوان کی کرسی سنبھال لی ۔ اس موقع پر مہمانوں کی گیلریوں میں موجود تمام جماعتوں کے کارکنوں نے پر پرجوش نعرے لگائے ۔