اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/آن لائن) پیپلزپارٹی کے رہنما لطیف کھوسہ نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان آج استعفی دینے جارہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما لطیف کھوسہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان آج استعفی دینے جارہے ہیں۔دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے تحت ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ غیرآئینی قراردینے
اورقومی اسمبلی کی بحالی کے عدالتی فیصلے کی خوشی میں جشن فتح منایا۔پیپلز سیکریٹریٹ پر آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا اورجشن فتح میں کراچی بھر سے کارکنان نے شرکت کی اور عدالتی فیصلے پرخوشی کا اظہارکیا۔جشن فتح کی تقریب میں پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما لطیف کھوسہ پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقارمہدی کراچی کے جنرل سیکریٹری جاوید ناگوری،پی پی ضلع شرقی کے صدراقبال ساند،پیپلزپارٹی کراچی ڈویڑن کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات آصف خان،صوبائی وزیر لیاقت آسکانی، لالا عبدالرحیم، وقاص شوکت، ایم پی اے شمیم ممتاز ، سردارنزاکت پیپلزپارٹی کے ڈویژنل رہنماؤں ضلعی صدور،پارٹی رہنماؤں جیالوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے کی گئی زبردست آتشبازی سے آسمان جگمگانے لگا اورہرطرف روشنیاں بکھرگئیں،جشن رات گئے تک جاری رہا۔ پارٹی رہنماوں اور کارکنان کی طرف سے مٹھائی بھی تقسیم کی گئی اور جیالوں نے پارٹی ترانوں پررقص کرتے ہوئے بلاول بھٹو کووزیراعظم بنانے کے نعرے لگائے۔ اس موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتیہوئے سابق گورنرپنجاب لطیف کھوسہ نے کہاکہ عدالتی فیصلے کے نتیجے میں آئین کا بول بالا ہوا،ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ اور حکومت کے دیگر غیر آئینی اقدامات سے متعلق عدالتی فیصلہ قانون کی بالادستی کی اعلی مثال ہے،ملک نظریہ ضرورت کا متحمل نہیں ہوسکتا تھا متفقہ عدالتی فیصلہ نئی تاریخ رقم کرے گا۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی آئین وقانون اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے وزیراعظم کے ہرغیرآئینی اقدام کا اپوزیشن جماعتیں ڈٹ کرمقابلہ کریں گی۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں آصف علی زرداری نے سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیاان کی سیاسی بصیرت ہے کہ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو جمع کیا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیرا عظم عمران خان کے پاس مستعفی ہونے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے اس لیے وہ سیاسی مظلوم بننے کی کوشش کر رہے ہیں،عمران خان نے یہ سرپرائز دیا کہ پورے آئین کا ہی ستیاناس کردیا۔سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے سے واضح ہو گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور صدر پاکستان عارف علوی نے آئین شکنی کی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے انسپیکشن انکوائری ٹیم و سیاسی امور اورپی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہاکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے،تاریخی فیصلے نے آئین شکن عناصر کو بے نقاب کردیا ہے،ملک و قوم کی سربلندی کا واحد راستہ آئین کی پاسداری اور پارلیمانی جمہوریت ہے،عدالتی فیصلہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جدوجہد اور سابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے سیاسی تدبر کی کامیابی ہے