لاہور (آن لائن، این این آئی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خاتون اوّل بشریٰ بی بی کی قریبی سہیلی فرح اور اس کے شوہر جمیل گجر سے روابط رکھنے والے سرکاری افسران کی لسٹ تیار کرلی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان افسران کی لسٹ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے منحرف رکن پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان کی جانب سے کی گئی
ایک پریس کانفرنس میں خاتون اوّل کی سہیلی کے بارے میں عائد کئے گئے کرپشن کے الزامات کے بعد تیار کی ہے۔ جس سے سرکاری حلقوں میں ایک چہہ مگوئیاں پھیل گئی ہیں واضح رہے کہ عبدالعلیم خان نے خاتون اوّل کی سہیلی فرح اور اس کے شوہر جمیل گجر پر سرکاری افسران کی تبادلے تقرر اور پوسٹنگ کی مد میں کروڑوں روپے کمانے کا الزام عائد کر رکھا ہے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ فرح نامی خاتون اور اس کے شوہر جمیل گجر پر خاتون اوّل سے تعلق کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کروڑوں روپے بنانے کا الزام عائد ہے۔دوسری جانب ترجمان وزیراعلی آفس پنجاب نے عبدالعلیم خان کے سابق بزدار حکومت پر لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔ترجمان وزیراعلی آفس پنجاب کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ علیم خان نے بزدار حکومت پر بے بنیاد الزامات لگائے ہیں اور ان کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔ پنجاب میں تقرر وتبادلے صرف میرٹ پر ہوتے ہیں، فرح خاں کا تقرر وتبادلوں، ٹھیکوں میں کوئی کردار نہیں۔ترجمان نے کہا کہ علیم خان کوبے سر وپا الزامات لگانے پر شرم آنی چاہیے، خرید وفروخت جنہوں نے کی اور جو کر رہے ہیں وہ بینقاب ہوچکے، پیسے کی سیاست کرنے والے کردارعوام کے سامنے آچکے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ پنجاب میں ٹرانسفرپوسٹنگ میرٹ مدنظر رکھ کر کی جاتی ہے، سابق وزیراعلی عثمان بزدار نے تقرر وتبادلوں میں کوئی مداخلت نہیں کی، عثمان بزدار پرالزام لگانے والوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔