اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومتی ناراض اراکین سے رابطوں میں تیزی آگئی ، ترین گروپ سے تعاون کی درخواست کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت نے جہانگیر ترین گروپ سے رابطہ کیا ہے اور ان سے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے تعاون کی اپیل کی ہےتاہم اس حوالے سے ترین گروپ کی جانب سے ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے
۔ دوسری جانب سینئر لیگی رہنما نے علیم خان کو وزیر اعلیٰ نامزد کرنے کا اشارہ دے دیا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں ن لیگ کے رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ ہماری پنجاب اسمبلی میں اکثریت ہے، علیم خان ہمارے وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہوسکتے ہیں۔جاوید لطیف نے کہا کہ اتحادی ہونے کی وجہ سے کچھ باتیں مجبوری میں قبول کی جاتی ہیں، ق لیگ اپوزیشن کے ساتھ کھڑی ہوگی۔لیگی رہنما نے کہا کہ چوہدری شجاعت کا فیصلہ حتمی ہوگا، امید ہے وہ اپوزیشن کا ساتھ دیں گے۔وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ اپوزیشن کوسرپرائزاتنا بڑاملا ہے کہ انہیں کچھ سمجھ ہی نہیں آرہی، پہلے پرویزالٰہی کی بات تھی اب علیم خان کی بات کررہےہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن تومٹھائیاں کھا کربیٹھی تھی حکومت نےسرپرائز دے دیا، اتحادی ہمارےساتھ تھے اور ہمارے ساتھ رہیں گے، اتحادیوں کووزارت دینےکاہمیں ہی فائدہ ہے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ( ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہی کو بطورِ وزیر اعلی پنجاب نامزد کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی ہے ، وزیر اعظم سے پیر کو پاکستان مسلم لیگ کے وفد نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی کی قیادت میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے عثمان بزدار سے استعفی لے لیا ہے۔میں آپ کو اپنی پارٹی کی طرف سے بطورِ وزیر اعلی پنجاب نامزد کرتا ہوں اور آپ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ چودھری پرویز الہی نے وزارت اعلی کے لیے نامزد کیے جانے پر وزیراعظم عمران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ
آپ کے اعتماد پر انشا اللہ پورا اتروں گا۔ مسلم لیگ ق بطور اتحادی آپ کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی۔ اتحادی کی حیثیت سے ملکر عوامی خدمت کریں گے۔ خیال رہے کہ وزیر دفاع پرویز خٹک نے ترین گروپ کے رہنما عون چودھری سے ٹیلیفونک رابطے میں کہا ہے کہ آپ کے مطالبات تسلیم ہوچکے، اب پارٹی اقدامات کی حمایت کریں۔ عدم اعتماد کے معاملے پر حکومت کی جانب سے پرانے دوستوں کو منانے کی کوششیں جاری ہیں،
حکومتی ٹیم نے ترین گروپ سے رابطہ کیا ہے۔ وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر اطلاعات فواد چودھری نے عون چودھری سے فون پر رابطہ کیا۔ حکومتی ٹیم نے ترین گروپ کو حکومتی فیصلوں کو سپورٹ کرنے کی درخواست کر دی ، کہا گیا کہ آپ کے مطالبات تسلیم ہوچکے، اب پارٹی اقدامات کی حمایت کریں۔ پرویز خٹک کی جانب سے ترین گروپ کو اہم وزارتیں دینے کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔وزیر دفاع نے یقین دہانی کروائی کہ دیگر تحفظات کو بھی فوری طور پر دور کیا جائے گا۔