لاہور( این این آئی)مسلم لیگ (ق) نے تحریک انصاف کے اپنے اراکین کی جانب سے وفاداریاں بدلنے کی صورت میں حکومت کے ساتھ چلنے کے فیصلے پر نظر ثانی کا اشارہ دیدیا۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ حکومتی وزراء کی مسلم لیگ (ق) کے رہنمائوں سے ہونے والی اہم ملاقات میں یہ بات ہوئی ہے ۔مونس الٰہی اور طارق بشیرچیمہ سے تین وفاقی وزراء کی دوسری ملاقات ہوئی تھی جس میں (ق)لیگ رہنمائوں نے واضح کہا کہ اگر تحریک انصاف کے اپنے ہی 15سے 20ارکان فلورکراسنگ کرکے اپوزیشن کے ساتھ ہوگئے تو پھر ہمارے لیے مشکل ہوگا کہ ہم مزید حکومت کا ساتھ دیں ، ہم مجبور ہوں گے کہ اپوزیشن کے ساتھ ہوجائیں۔ذرائع کے مطابق اس موقف پر تینوں وزرا ء نے کہا کہ آپ کے موقف کو تسلیم کرتے ہیںاور بالکل اگر ہمارے ارکان وفاداریاں بدلتے ہیں تو پھر آپ کو نہیں روکیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے دوروز قبل وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات میں بھی طارق بشیر چیمہ نے یہ کہا تھا کہ اگر آپ کے اپنے ارکان ہی ساتھ چھوڑ دیں تو پھر ہمیںاپوزیشن کی پیشکش کو تسلیم کرنا پڑے گا۔ذرائع کے مطابق پنجاب کی وزارت اعلی کے فیصلے کے لیے بھی وفاقی وزراء نے (ق) لیگ سے دو دن مانگے ہیں اور ان دو دنوںمیں کوئی فیصلہ ہوسکتا ہے۔