اسلام آباد (این این آئی)وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت موجودہ پیکا آرڈیننس واپس لینے کیلئے تیار ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کو پیکا قانون کیلئے مینڈیٹ دے دیا ہے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی 90 دن تک تجاویز لے آئے، اعتراض نہیں،وہ سفارشات منظور کرلیں ،حکومت بھی ہاں کردیگی۔انہوں نے کہا کہ میڈیا مالکان سے ملاقات ہوئی
اس میں ان کا تاثر تھا کہ کوئی ریگولیشن ہونا ہی نہیں چاہیے۔فواد چودھری نے کہا کہ 1947 سے سن رہے ہیں کہ ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، کوئی ملک نازک صورتحال سے نہیں گزررہا، سب کچھ نارمل ہے۔انہوںنے کہاکہ اس ملک میں ہر شخص اپنی عزت ہتھیلی پر رکھ کر گھوم رہا ہے، ریگولیشنز ہونا بہت ضروری ہے، ہم نے ساری عمر حکومت نہیں رہنا، چاہتے ہیں کہ کوئی بھی حکومت اس کا غلط استعمال نہ کرسکے۔مولانا فضل الرحمان کی جانب سے آئندہ 48 گھنٹوں میں بڑی خوشخبری پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ مولانا ایسی خوشخبریاں پہلے بھی کئی بار سنا چکے ہیں اپوزیشن کے پاس اتنی طاقت نہیں کہ وہ عدم اعتمادلاسکیں۔فوادچوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس نمبرز پورے ہوتے تو حکومت میں ہوتے تحریک آئی تودیکھ لیں گے یہ کہاں کھڑے ہیں اورہم کہاں ہیں، تحریک عدم اعتماد آنے دیں کوئی پرواہ نہیں ہم تگڑیہیں۔فوادچوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کو پتہ ہی نہیں کہ ان کے وزیراعظم کا امیدوار کون ہے ایک کہتا ہے الیکشن کرادیں دوسرا کہتا ہے ہمیں ڈیڑھ ڈیرھ سال ملیں اپوزیشن ایک ڈرامہ ہے۔وفاقی وزیراطلاعات نے واضح کیا کہ پرویزالٰہی نے کہا ہم آپ کے اتحادی ہیں ،پرویزالٰہی سے صبح بھی بات چیت ہوئی ہے پہلے بھی ساتھ الیکشن لڑے تھے آئندہ بھی لڑیں گے، ق لیگ اتحادی ہے اس لئے توچیمہ صاحب وزیر ہیں۔