اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے فیصلوں سے پوری قوم خوش ہے، پیپلز پارٹی، (ن) لیگ کو قوم کا دکھ نہیں، پہلی اپوزیشن ہے جس کو قیمتوں میں کمی پر تکلیف ہے، زرداری نے سرکاری خرچے پر 48 نجی دورے کئے، نواز شریف نے 25 نجی دورے سرکاری وسائل پر کئے، گذشتہ ادوار میں دوروں پر قوم کے اربوں روپے اڑا دیئے گئے۔
بدھ ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں تاریخ کا سب بڑا پیکیج دیا، کورونا کے باعث پوری دنیا کی معیشت متاثر ہوئی، وزیراعظم نے پٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا، احساس پروگرام کے تحت ملنے والی رقم میں اضافہ کیا گیا، آئی ٹی سیکٹر میں ٹیکسز ختم کر دیئے، صحت کارڈ کے ذریعے شہری 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کرا سکتے ہیں، گریجویٹ کیلئے 30 ہزار روپے کی انٹرن شپ کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی مارکیٹ سے منسلک ہیں، روس، یوکرین تنازعہ کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھیں، کورونا کے باوجود صنعتوں کو بحال رکھنے کیلئے اقدامات کئے گئے، پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، نوجوانوں کو بلاسود قرضے دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کیلئے سکالرشپس دیئے جا رہے ہیں، پہلی اپوزیشن ہے جس کو قیمتوں میں کمی پر تکلیف ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ زرداری نے سرکاری خرچے پر 48 نجی دورے کئے، نواز شریف نے 25 نجی دورے سرکاری وسائل پر کئے، دوروں پر قوم کے اربوں روپے اڑا دیئے گئے، وزیراعظم کے بیرونی دوروں پر ماضی کے مقابلہ میں کم اخراجات آئے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ڈومور کا حکم دیا جاتا تھا، وزیراعظم عمران خان نے ڈومور کے جواب میں ”بالکل نہیں” کہا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف نے کیمپ آفسز پر قوم کے اربوں روپے خرچ کر دیئے، ذاتی گھروں کی سکیورٹی پر سینکڑوں پولیس اہلکار تعینات تھے، جبکہ وزیراعظم عمران خان کا ایک بھی کیمپ آفس نہیں، وزیراعظم عمران خان ذاتی گھر میں مقیم ہیں۔ مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے فیصلوں سے پوری قوم خوش ہے، پیپلز پارٹی، (ن) لیگ کو قوم کا دکھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمران قوم کے پیسوں سے بیرون ملک علاج کراتے تھے، انہیں احساس ہوتا تو عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرتے، وزیراعظم نے قوم کو صحت کارڈ جیسی سہولت دی، کورونا کے دوران ایک کروڑ 60 لاکھ خاندانوں کو 12 ہزار روپے دیئے۔ انہوں نے کہا کہ مقصود چپڑاسی کے اکائونٹ میں 375 کروڑ روپے آئے، شہباز شریف کی منی لانڈرنگ کے تمام ثبوت سامنے آ چکے ہیں، کراچی کو کچرا کنڈی بنا دیا گیا، اربوں روپے کی گندم چوہے کھا گئے، سندھ میں روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کو بے گناہ قتل کیا جا رہا ہے، سندھ کے عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔