اسلام آباد (آن لائن)وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور مسلم لیگ ق کے سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر حکومت کا ساتھ دینے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنما بھی چودھری برادران سے ملے ہیں،
وزیر اعظم عمران خان نے بھی خواہش ظاہر کی کہ وہ ملنا چاہتے ہیں۔ چودھری برادران کسی کو گھر آنے سے نہیں روکتے۔ انہوں نے کہا کہ ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی نے کسی بھی فیصلے کا اختیار چودھری پرویز الہٰی کو دیا ہے ابھی تک پارٹی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا کہ عدم اعتماد پر اپوزیشن کے ساتھ جانا ہے یا حکومت کے ساتھ جو بھی فیصلہ ہوگا وہ میڈیا کو بتایا جائے گا۔ انہو ں نے فواد چودھری کے اس بیان کہ آئندہ الیکشن ق لیگ سے مل کر لڑیں گے پر کہا کہ ابھی اس حوالے سے بھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ فواد چودھری پتا نہیں ایسا بیان کیوں دے رہے ہیں۔ ابھی تو الیکشن میں ایک سے ڈیڑھ سال پڑا ہے۔ پتا نہیں ابھی ہم تحریک عدم اعتماد پر بھی حکومت کا ساتھ دیتے ہیں یا نہیں۔