کراچی(این این آئی)ملک کے مختلف شہروں میں کورونا کے وار جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا مثبت کیسز کی سب سے زیادہ شرح کراچی میں ریکارڈ کی گئی جبکہ محکمہ صحت سندھ سیکرٹریٹ کے 19 ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد متاثرہ ملازمین
نے خود کو قرنطینہ کرلیاجبکہ سندھ سیکریٹریٹ میں بھی غیر ضروری افراد کا داخلہ بند کردیا گیاہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 41.06 فیصد ریکارڈ ہوئی۔اس حوالے سے محکمہ صحت حکام نے بتایاکہ کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 41.06فیصد ہوگئی جبکہ حیدرآباد میں مثبت کورونا شرح17.27فیصد ہوچکی ہے۔ذرائع کے مطابق کورونا وائرس سے بچے بھی زیادہ متاثر ہورہے ہیں، ڈیوٹی پر مامور ہیلتھ ورکرز بھی بڑی تعداد میں وبا میں مبتلا ہورہے ہیں۔ذرائع کے مطابق گزشتہ24گھنٹوں کے دوران حیدرآباد میں کورونا کیسزکی شرح17.27فیصد رہی۔دوسری جانب محکمہ صحت سندھ سیکریٹریٹ کے 19 ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد متاثرہ ملازمین نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق محکمہ صحت سندھ سیکریٹریٹ کے 84 ملازمین کے ٹیسٹ کرائے گئے تھے جن میں سے 19 ملازمین کے نتائج مثبت آئے ہیں۔رپورٹ آنے کے بعد متاثرہ ملازمین نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔صورتحال کے بعد سندھ سیکریٹریٹ میں غیر ضروری افراد کا داخلہ بند کردیا گیا ہے جب کہ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے سیکرٹری ایس جی اے کو خط لکھ کر سیکرٹریٹ میں کوروناایس اوپیزپر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔