کراچی(این این آئی)پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ہفتے میں 41 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔اسٹیٹ بینک سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق 10دسمبر کو اسٹیٹ بینک کے پاس موجود ذخائر 18.56 ارب ڈالر تھے جو 17 دسمبر کو کم ہوکر 18.15 ارب ڈالر
کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 24 ارب ڈالر 63 کروڑ ڈالر ہیں جس میں سے کمرشل بینکوں کے پاس موجود ذخائر 6.47 ارب ڈالر ہیں۔ذخائر میں کمی بنیادی طور پر بیرونی قرضوں کی ادائیگی کی وجہ سے ہوئی، ملک کا بیرونی کھاتہ بڑھتے ہوئے قرضوں کی ادائیگی اور بڑھتے ہوئے کرنٹ اکائونٹ خسارے کے دوہرے دبائو کا شکار ہے۔اسٹیٹ بینک کے جاری اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا نومبر کے دوران کرنٹ اکائونٹ خسارہ 5ارب17 کروڑ سے بڑھ کر7 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا جبکہ گزشتہ سال اسی دوران خسارہ ایک ارب 64 کروڑ ڈالر تھا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق درآمدات میں اضافے نے بڑھتی برآمدات اور ترسیلات زر میں بہتری کے فوائد کم کر دیئے عالمی مارکیٹ میں بڑھتی اجناس کی قیمت اور مقامی طلب بڑھنے پر درآمدات میں اضافہ کردیا۔