واشنگٹن(این این آئی)نیند کے مخصوص مسائل کا سامنا کرنے والے افراد میں کووڈ 19 کی سنگین پیچیدگیوں کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے ا?ئی۔کلیولینڈ کلینک کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ نیند کے مسائل کا سامنا کرنے والے افراد میں کووڈ 19 سے متاثر ہونے
پر ہسپتال میں داخلے اور موت کا خطرہ 31 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔نتائج سے معلوم ہوا کہ نیند کے دوران سانس لینے میں مسائل اور آکسیجن کی کمی سے جڑے مسائل کا سامنا کرنے والے افراد میں نہ صرف کوڈ 19 سے متاثر ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے بلکہ بیماری کے بعد سنگین پیچیدگیوں کا امکان بھی بڑھ جاتا ہے۔محققین کا کہنا تھا کہ وبا کا سلسلہ ابھی تھما نہیں اور بیماری کی شدت ہر مریض میں مختلف ہوتی ہے تو یہ بہت اہم ہے کہ ہم یہ پیشگوئی کرنے کے قابل ہوسکیں کہ کن مریضوں کو زیادہ سنگین شدت کا سامنا ہوسکتا ہے تاکہ ان کا زیادہ خیال رکھا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ تحقیق کے نتائج سے نیند کے امراض اور کووڈ 19 کی پیچیدگیوں کے درمیان تعلق کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔محققین نے کلیولینڈ کلینک کی کووڈ 19 ریسرچ رجسٹری کو استعمال کیا جس میں اس طبی مرکز میں لگ بھگ 3 لاکھ 60 ہزار کے قریب کووڈ کیسز کی تشخیص کا ڈیٹا بھی شامل ہے۔اس ریکارڈ اور کووڈ 19 سے متاثر ہونے کی شرح کے ساتھ ساتھ بیماری کی شدت کی جانچ پڑتال کی گئی جبکہ دیگر عناصر بشمول موٹاپے، دل اور پھیپھڑوں کے امراض، کینسر اور تمباکو نوشی کو بھی مدنظر رکھا گیا۔محققین نے بتایا کہ نتائج سے مزید تحقیق کے لیے اسٹیج تیار ہوا جس میں مؤثر علاج کی جانچ پڑتال کی جاسکے گی۔انہوں نے بتایا کہ نتائج سے طبی نظام پر بوجھ کم کرنے میں مدد مل سکے گی۔