اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )نواز شریف کی جانب سے تمام اراکین پارلیمنٹ کیلئے اہم پیغام ،شہباز شریف نے تمام رہنمائوں کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کی جانب سے تمام اراکین پارلیمنٹ کو پیغام دے رہا ہوں کہ مشترکہ اجلاس میں شرکت یقینی بنائیں اور اسلام آباد میں ہی مقیم رہیں۔
دوسری جانب قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لئے مزید متحرک ہوگئے ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے اپوزیشن کی قیادت اور اراکین پارلیمنٹ سے رابطے بھی تیز کر دیئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ سے روابط میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اپوزیشن اکثریت کی بنیاد پر قانون سازی کرنے کے حکومتی پلان کو کامیاب نہیں ہونے دے گی بلکہ اسے شدید احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے ذریعے درہم برہم کیا جائیگا ،پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھر پور حکمت عملی سے حکومتی قانون سازی کو روکا جائیگا، ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن نے قانون سازی روکنے کے لئے احتجاج کے ساتھ ساتھ قانونی جنگ لڑنے کے لئے 2 کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں ،احتجاجی حکمت عملی اور قانون سازی کے عمل کو آئینی طریقے سے روکنے بارے دونوں کمیٹیوں کے اجلاس یکے بعد دیگرے ہوں گے ۔اپوزیشن لیڈر کی جانب سے دیگر رہنمائوں کے ساتھ مشاورت کے بعد ان کمیٹیوں کو فعال کیا گیا ،پہلی کمیٹی احتجاجی کمیٹی کہلائے گی جو کہ اراکین کی ایوان میں حاضری ،احتجاج کی حکمت عملی اور کورم نشاندہی کے امور دیکھے گی ،قانون سازی بارے ماہرین پر مشتمل کمیٹی حکومتی بل کا تنقیدی جائزہ لیکر انہیں عدالتوں میں چیلنج کرنے کی حکمت عملی بنائے گی ،انتخابی اصلاحات ،سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے اور نیب ترمیمی بل سمیت دیگر بل کا بھی یہ کمیٹی جائزہ لے گی ۔