لاہور(این این آئی)ریلوے پولیس نے ریلوے کی تنصیبات کو فول پروف سکیورٹی دینے سے معذرت کر لی۔ آئی جی ریلوے پولیس نے وزارت ریلوے کو ہنگامی خط میں بتایا ہے کہ
ہمارے پاس وسائل ہیں نہ نفری پوری موجود ہے۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ وزارت ریلوے کو لکھے گئے ہنگامی خط میں کہا گیا کہ ملک بھر میں 600 سے زائد ریلوے اسٹیشنز، ٹیلی کمیونیکشن ٹاورز موجود ہیں، ڈرائی پورٹس بھی شامل کرنے سے اربوں ڈالر کے اثاثے بنتے ہیں۔ ریلوے تنصیبات کی سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، ریلوے پولیس کے پاس ملازمین کی تعداد بہت کم ہے۔مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ ریلوے پولیس کے پاس وسائل کی بھی کمی ہے، 2016 کے بعد سے ریلوے پولیس میں تاحال کوئی نئی بھرتی نہیں کی گئی، ملازمین اور وسائل کی کمی کے باعث ریلوے پولیس اہم تنصیبات کی سکیورٹی سے قاصر ہے۔مراسلہ کے مطابق ریلوے پولیس کی منظور شدہ نفری 7279 کے مقابلے میں 34 فیصد کمی ہے، ریلوے پولیس حکام گزشتہ چند ماہ میں نفری بھرتی کے لیے 5 خط لکھ چکے ہیں، وزارت ریلوے کانسٹیبلز کی بھرتی کے خطوط کا کوئی جواب نہیں دے رہی، نفری کی قلت کے باعث فول پروف سکیورٹی ممکن نہیں۔