پشاور(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی ترجمان ممبر صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور کی موجودگی میں عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔تفصیلات کے مطابق بلور ہاؤس میں ایک سادہ مگر پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا
جس میں عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی ترجمان و ممبر صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور،اے این پی سٹی ڈسٹرکٹ پشاور کے جنرل سیکرٹری شیر رحمان ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری طاہر شاہ، رشید گھڑی رہنماء جاوید خان شنواری ، صدر شریف خان اور جنرل سیکرٹری حاجی سردار سمیت دیگر نے شرکت کی۔تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے تین رہنماؤں بادشاہ وزیر،فضل غنی اور حامد اللہ نے اے این پی کے رہنما جاوید خان شنواری کی کوششوں سے پی ٹی آئی سے مستعفی ہوکر عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور تینوں رہنماؤں کی اے این پی میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے روز بروز کارکنان راہیں جدا کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے اے این پی میں شامل ہونیوالوں کی بڑی تعداد اس بات کی دلیل ہے کہ آنیوالے بلدیاتی اور عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو بد ترین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا ۔